خواہشمند افراد پاسپورٹس تیار رکھیں، حج 2018ء کیمپ کا کامیاب انعقاد، مسیح اللہ اور ایس اے شکور کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔4 اکٹوبر (سیاست نیوز) حج 2019ء کے شیڈول کی جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتے میں اجرائی کا امکان ہے۔ درخواستوں کے ادخال کی تاریخ اور دیگر تفصیلات کا سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے 15 تا 20 اکٹوبر اعلان کیا جاسکتا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 2018ء حج کیمپ کے کامیاب انعقاد کے سلسلہ میں تمام سرکاری محکمہ جات سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حج ہائوز نامپلی اور حج ٹرمینل ایرپورٹ پر موثر انتظامات کے سلسلہ میں سرکاری محکمہ جات کا مکمل تعاون حاصل ہوا ہے۔ حجاج کرام نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بہتر انتظامات پر حج کمیٹی کی ستائش کی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ حج 2019ء شیڈول کے اعلان کے بعد تلنگانہ حج کمیٹی حج فارمس کی اجرائی اور قبولیت کے سلسلہ میں ہمیشہ کی طرح شہر اور اضلاع میں موثر انتظامات کرے گی۔ صدرنشین اور اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ تلنگانہ میں حج 2018ء کے لیے جملہ 17130 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جبکہ ریاست کے لیے 4066 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ ویٹنگ لسٹ کے حجاج کرام کو ملاکر تلنگانہ سے جملہ 4453 افراد کو فریضہ حج کی سعادت حاصل ہوئی۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تینوں ریاستوں کے جملہ 7347 عازمین کی روانگی عمل میں آئی جن میں تلنگانہ کے 4453، آندھراپردیش 1711 اور کرناٹک کے 1183 عازمین شامل تھے۔ 7341 حجاج کرام کی واپسی ہوئی ہے۔ جبکہ 5 حجاج کرام کا انتقال ہوا۔ شہر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون حاجی نفیسہ بیگم مکہ مکرمہ کے النور ہاسپٹل میں کوما میں ہیں۔ حج مشن کے عہدیدار ان کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 10 شیرخوار حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے اور تمام خیریت سے واپس ہوگئے۔ حج کی تکمیل کے بعد بعض حجاج مقررہ وقت سے قبل وطن واپس ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ سے 22 خادم الحجاج کی روانگی عمل میں آئی تھی اور تمام نے عازمین کی خدمت کے سلسلہ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ حج کمیٹی کی جانب سے حجاج کرام کے لیے عنقریب ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا جس کا موضوع حج کے بعد کی زندگی ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ 2018ء میں حج پالیسی تیار کی گئی جس کی مدت 5 سال ہے۔ پانچ سال کے بعد نئی پالیسی وضع کی جائے گی۔ مسیح اللہ خان نے 2019ء میں فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل پاسپورٹس تیار رکھیں اگر پاسپورٹ کی مدت ختم ہورہی ہے تو اسے فوری رینیول کروالیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء میں جاریہ سال سے بہتر خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔