حج 2019ء رباط میں قیام کے لیے کل قرعہ اندازی

8664 عازمین میں سے 1096 نشستوں کے لیے انتخاب، ناظر رباط حسین شریف کی آمد
حیدرآباد۔2 مئی (سیاست نیوز) حج 2019ء میں عزیزیہ زمرے کے عازمین کے لیے مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کے سلسلہ میں قرعہ اندازی 4 مئی کو چومحلہ پیلس میں رکھی گئی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے سافٹ ویر کی مدد سے قرعہ اندازی کی جائے گی اور سابق ریاست حیدرآباد کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرے کے کور نمبرس کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف قرعہ اندازی میں شرکت کے لیے بطور خاص حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ تلنگانہ کے 32 اضلاع کے علاوہ مہاراشٹرا کے 8 اور کرناٹک کے 4 اضلاع کے عزیزیہ زمرے کے جملہ 8664 عازمین میں سے 1096 نشستوں کے لیے انتخاب ہوگا۔ واضح رہے کہ مکہ مکرمہ کے بکوتما علاقے میں حیدرآبادی رباط کی تین عمارتیں موجود ہیں۔ ان عمارتوں میں تمام تر بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں۔ گزشتہ سال حکومت سعودی عرب نے 1286 عازمین کے قیام کی تصریح کو منظوری دی تھی۔ اس مرتبہ 1223 عازمین کی تصریح کو منظوری دی گئی ہے۔ رائل فیملی کے لیے 10 فیصد نشستیں مختص کی جائیں گیں جو 122 ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ 5 خادم الحجاج کے لیے نشستیں محفوظ کی جائیں گی۔ اس طرح 1223 کے منجملہ 1096 نشستوں کے لیے قرعہ اندازی ہوگی۔ سابق ریاست حیدرآباد کے 44 اضلاع کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا ہے۔ مہاراشٹرا کے جن 8 اضلاع کے عازمین کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا ان میں اورنگ آباد 1146، بیڑ 351، ہنگولی 134، جالنہ 337، لاتور 330، ناندیڑ 494، عثمان آباد 143 اور پربھنی 343 عازمین شامل ہیں۔ کرناٹک کے جن 4 اضلاع کے عزیزیہ زمرے کے عازمین کو شامل کیا جائے گا ان میں بیدر 347، گلبرگہ 496، رائچور 164، اور یادگیر 52 شامل ہیں۔ تلنگانہ سے جملہ 4327، مہاراشٹرا 3278 اور کرناٹک سے 1059 عازمین قرعہ اندازی میں شامل کئے جائیں گے۔ ناظر رباط نے بتایا کہ عازمین حج کے لیے گزشتہ سال کی طرح بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔