جنوری کے اوائل میں قرعہ اندازی ، رباط میں زائد رہائش کی مساعی : پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کو جملہ 17,105 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ان میں 70 سال یا اس سے زائد عمر کے محفوظ زمرے کے تحت 508 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ گزشتہ سال 20,300 درخواستیں داخل کی گئیں تھیں اور جاریہ سال 2 محفوظ زمرہ جات میں سے ایک کی برخاستگی کے نتیجہ میں درخواست کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست دینے سے متعلق محفوظ زمرے کو جاریہ سال سے ختم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج 2018ء کے لیے فریش زمرے میں 16,597 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ درخواستیں حیدرآباد سے داخل ہوئیں جن کی تعداد 10,940 ہے۔ باقی 30 اضلاع سے 6,165 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ سب سے کم 6 درخواستیں جئے شنکر ضلع سے داخل کی گئیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 160 کور نمبرس سے تعلق رکھنے والے درخواست گزاروں نے اسنادات کی ہارڈ کاپی ابھی تک داخل نہیں کی ہے اور انہیں ٹیلی فون کے ذریعہ ربط قائم کرتے ہوئے فوری ادخال کی خواہش کی گئی۔ 160 کورس کے تحت 340 عازمین ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 6149 درخواستیں آن لائین داخل کی گئیں جبکہ 10,956 درخواستیں آف لائین داخل ہوئی ہیں۔ گزشتہ سال تلنگانہ کے لیے حج کوٹہ 3600 تھا اور دو محفوظ زمرہ جات کے سبب بہت کم نشستیں قرعہ اندازی کے لیے باقی رہ گئی تھیں۔ اس مرتبہ صرف ایک محفوظ زمرہ ہونے کے سبب زائد عازمین کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ ہوسکتا ہے۔ 8 تا 15 جنوری قرعہ اندازی کی تاریخ مقرر ہوگی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے درخواستوں کو آن لائین کرنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں محرم کے بغیر حج کے لیے ایک بھی درخواست وصول نہیں ہوئی جبکہ حکومت نے جاریہ سال حج پالیسی میں اس کی سہولت فراہم کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ عزیزیہ زمرے کے عازمین کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعہ رباط کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ 2017ء میں 1286 عازمین نے رباط میں قیام کیا تھا۔ 2018ء میں اس تعداد میں اضافہ کے لیے کوشش جاری ہیں۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے ایک زائد عمارت حاصل کرتے ہوئے عازمین کی تعداد میں اضافہ کا تیقن دیا ہے۔