مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے نمائندگی کا عزم ، محمد مسیح اللہ خاں چیرمین حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد۔ 23 فبروری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ حج 2018ء میں تلنگانہ کے لیے مرکز سے اضافی کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی جانب سے اس سلسلہ میں مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے نمائندگی کی جائے گی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ اضافی کوٹے کے علاوہ ویٹنگ لسٹ سے زائد عازمین کی روانگی کی مساعی کی جائے گی۔ صدرنشین حج کمیٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد وہ عازمین حج کی خدمت کو اپنے لیے باعث سعادت تصور کرتے ہیں اور ان کی کوشش رہے گی کہ گزشتہ سال کے مقابلے جاریہ سال زائد تعداد میں تلنگانہ کے خوش نصیبوں کو حج کی سعادت حاصل ہو۔ اس کے علاوہ حج کیمپ کے انتظامات بھی گزشتہ برسوں کے مقابلہ اس بار مثالی نوعیت کے ہوں گے۔ مسیح اللہ خان نے کہا کہ وہ حج کوٹے کے اضافہ کے سلسلہ میں نمائندگی کے لیے جلد ہی چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کریں گے۔ چیف منسٹر کا مکتوب حاصل کرتے ہوئے وہ نئی دہلی میں مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کے حوالے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے چیف منسٹر کی خصوصی دلچسپی کے سبب حج کیمپ کے انتظامات میں بہتری آئی ہے۔ حکومت نے حج کمیٹی کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے اور کیمپ کے انعقاد کی ڈپٹی چیف منسٹر راست نگرانی کرتے ہیں۔ حکومت کے تمام محکمہ جات کیمپ کی کامیابی میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ مسیح اللہ خان نے کہا کہ جاریہ سال جس قدر تعداد میں منتخب عازمین نے اپنا سفر منسوخ کردیا اس سے کہیں زائد تعداد میں اضافی نشستیں تلنگانہ کے لیے حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی خدمت کے جذبے کے تحت انہوں نے کمیٹی کے صدرنشین کا عہدہ قبول کیا۔ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ عازمین حج کی بہتر خدمت کے ذریعہ وہ اللہ کے مہمانوں کی دعائیں حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ اور شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمینل میں عازمین کے لیے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ذاتی خرچ سے وہ اضلاع سے آنے والے عازمین حج کے سفری اخراجات ادا کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ مسیح اللہ خان نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں جاریہ سال زائد عازمین کے قیام کے سلسلہ میں ناظر رباط حسین محمد الشریف سے بات چیت کی جائے گی۔ ناظر رباط نے ہر سال عازمین کی تعداد میں اضافہ کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت رباط میں ہر سال عازمین کی تعداد میں اضافہ کی خواہاں ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ تلنگانہ کے تمام عازمین کو رباط کی سہولت حاصل ہو۔