حج 2018 کے لیے ادخال درخواست کی آخری تاریخ میں توسیع

سنٹرل حج کمیٹی سے تلنگانہ و اے پی حج کمیٹیوں کو اطلاع ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے درخواست فارم داخل کرنے کی تاریخ میں 22 ڈسمبر تک توسیع کی گئی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے آج منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا جس سے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو واقف کرایا گیا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کی حج کمیٹیوں کو اس سلسلہ میں سرکولر موصول ہوا جس میں کمیٹی سے خواہش کی گئی کہ وہ 22 ڈسمبر تک درخواستوں کی اجرائی اور ادخال کے انتظامات کریں۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ گزشتہ دو دن سے حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہائوز میں حج درخواستوں کے ادخال میں تیزی پیدا ہوچکی ہے۔ 7 ڈسمبر آخری تاریخ کے ا بتدائی اعلان کے پیش نظر حیدرآباد اور اضلاع میں بھی بڑے پیمانے پر درخواست گزار دیکھے گئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو آج شام تک 11,957 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جبکہ محرم کے بغیر حج کو روانگی کے سلسلہ میں ایک بھی درخواست وصول نہیں ہوئی۔ محفوظ زمرے کے تحت 318 درخواستیں داخل کی گئیں۔ آج ایک دن میں 1335 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ تاریخ میں توسیع کے سلسلہ میں پروفیسر ایس اے شکور نے سنٹرل حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ ان کے علاوہ دیگر ریاستوں سے بھی تاریخ میں توسیع کے لیے نمائندگی کی گئی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی نے بتایا کہ 22 ڈسمبر تک حج کمیٹی کی جانب سے حج ہائوز میں خصوصی کائونٹرس برقرار رہیں گے اور درخواستوں کی خانہ پری اور ادخال کے سلسلہ میں رہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزار آن لائین یا پھر درخواست فارم پُر کرتے ہوئے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواست گزاروں کے پا سپورٹ 14 فروری 2019ء تک کارکرد ہونے چاہئیں۔ حج ہائوز میں 20 سے زائد خصوصی کائونٹرس قائم کیئے گئے جس میں حج کمیٹی کے ملازمین کے علاوہ حج والینٹرس رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں۔ درخواست فارم کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی اطلاع پر حج کمیٹی کے ذمہ داروں اور حج کو روانگی کے خواہشمندوں نے اطمینان کی سانس لی۔ انہوں نے حج درخواست گزاروں سے خواہش کی کہ اگر ان کے پاسپورٹ مقررہ مدت تک کارکرد نہ ہوں تو وہ حج درخواست فارم کی زیراکس کے ساتھ پاسپورٹ آفس میں تجدید کے لیے رجوع ہوں۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے حج سے متعلق پاسپورٹس کی اجرائی کو فوری انجام دینے کا تیقن دیا ہے اور اس سلسلہ میں پاسپورٹ آفیس میں خصوصی کائونٹر قائم کیا گیا۔ اسی دوران آندھراپردیش حج کمیٹی نے آندھراپردیش کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے خواہشمندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے آن لائین درخواستیں داخل کریں۔ آندھراپردیش میں آج شام تک صرف 1151 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ آندھراپردیش کے لیے تقریباً 3 ہزار عازمین کا حج کوٹہ الاٹ کیئے جانے کا امکان ہے۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کے ترجمان نے بتایا کہ اننت پور سے 123، چتور 146 ، مشرقی گوداوری 24، گنٹور 237، کڑپہ 109، کرشنا 123، کرنول 251، نیلور 3، پرکاشم 46، وشاکھا پٹنم 38، وجئے نگرم 18، مغربی گوداوری 33 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ درخواستوں کی مقررہ کوٹے سے کم وصولی کی صورت میں تمام درخواستیں قرعہ اندازی کے بغیر قبول کرلی جائیں گی۔ اسی دوران آندھراپردیش کے رکن قانون ساز کونسل احمد شریف نے جو حج کمیٹی کے رکن بھی ہیں، تیقن دیا کہ 22 ڈسمبر تک آندھراپردیش حج کمیٹی عازمین حج کے لیے درخواست فارمس اور اس کی خانہ پری کا انتظام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آن لائین درخواستوں کی شرط کے باعث آندھراپردیش میں کم درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ حج کمیٹی خصوصی کائونٹرس قائم کرتے ہوئے حج خواہشمندوں کی رہنمائی کرے گی۔