حج 2018 کے لیے ادخال درخواست تاریخ کا اختتام

۔16 ہزار 898 درخواستوں کی وصولی ، اضلاع کے درخواستوں کی آج شمولیت
حیدرآباد۔ 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کو درخواستوں کے ادخال کے آخری دن آج شام تک جملہ 16,898 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 70 سال اور اس سے زائد عمر کے محفوظ زمرے کے تحت 492 درخواستیں شامل ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواستوں کے ادخال کے لیے تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی اور اضلاع میں داخل کی گئی درخواستوں کا شمار کرتے ہوئے حقیقی تعداد کا کل اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں داخل کی گئی درخواستیں رات دیر گئے تک حج کمیٹی کے دفتر پہنچ جائیں گی اور انہیں ایک دن میں سنٹرل حج کمیٹی کے ویب سائٹ پر آن لائین کردیا جائے گا۔ درخواستوں کے ادخال کے آخری دن آج حج ہائوز نامپلی میں کافی ہجوم دیکھا گیا اور آخری دن 562 درخواستیں حیدرآباد میں داخل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے جنوری کے پہلے ہفتے میں قرعہ اندازی کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ اور قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔