حیدرآباد۔/18اپریل،( سیاست نیوز) حج 2018 کیلئے خاتون کوآرڈینیٹرس کے تقرر کے سلسلہ میں وزارت اقلیتی اُمور حکومت ہند نے درخواستیں طلب کی ہیں۔ صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور ایکزیکیٹو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق مرکزی و ریاستی محکمہ جات، عوامی شعبہ کے اداروں اور خود اختیار اداروں میں برسر خدمت مستقل مسلم خاتون ملازمین ایام حج کے دوران کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے تعینات کئے جائیں گے۔ منتخب امیدواروں کو قونصل جنرل ہندوستان جدہ کے تحت 2 تا3 ماہ کی مدت کیلئے تعینات کیا جائیگا۔ انتخاب قابلیت اور تجربہ کی بنیاد پر ہوگا۔ تلنگانہ کے سرکاری ملازمین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کریں۔ اہل امیدوار اپنی درخواستیں 20 اپریل تک آن لائن داخل کرسکتے ہیں۔ ویب سائیٹ www.haj.nic.in/deputation پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ درخواست کی ہارڈ کاپی ضروری دستاویزات منسلک کرتے ہوئے متعلقہ عہدیدار مجاز کی منظوری کے ساتھ سربہ مہر لفافہ میں وزارت اقلیتی اُمور کو روانہ کریں۔ درخواست روانہ کرنے کا پتہ:
Under Secretary (Haj-II), Haj Division
Ministry of Minority Affairs
3rd Floor Indian Society of International Law.
V K Krishna Menon Bhavan
9,Bhagwan Das Road,New Delhi-110001
امیدواروں کا انتخاب وزارت اقلیتی اُمور کی جانب سے انٹرویو کے ذریعہ کیا جائے گا جس کی تاریخ اور مقام کا بعد میں اعلان ہوگا۔مزید تفصیلات سنٹرل حج کمیٹی کی ویب سائیٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔