عازمین کو قبل از وقت درخواستیں داخل کرنے پر زور ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔ 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کو ابھی تک 6791 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور 7 ڈسمبر درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ میں کسی بھی توسیع کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے سرکولر روانہ کیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق آج شام تک تلنگانہ حج کمیٹی کو فریش زمرے کے تحت 6627 اور محفوظ زمرے کے تحت 162 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ 1792 درخواستیں آن لائین داخل کی گئیں جبکہ 4999 درخواستیں آف لائین یعنی درخواست فارم کے ذریعہ حوالے کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے حج درخواست گزاروں کے پاسپورٹ کی عاجلانہ اجرائی کا تیقن دیا ہے۔ اس سلسلہ میں پروفیسر ایس اے شکور نے سنٹرل حج کمیٹی کے رہنمایانہ خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے ریجنل پاسپورٹ آفیسر کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ پاسپورٹ آفیسر نے بتایا کہ عازمین حج کے لیے علیحدہ کائونٹر قائم کیا جائے گا جہاں ان کی درخواستوں کی جلد یکسوئی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے ملاقات کرتے ہوئے عازمین حج کے پاسپورٹس کے سلسلہ میں شخصی طور پر نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال حکومت نے دو محفوظ زمرہ جات میں صرف 70 سال یا اس سے زائد عمر کے عازمین کے زمرے کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مابقی ایام میں درخواست گزاروں کی رہنمائی اور مدد کے لیے حج ہائوز میں خصوصی کائونٹرس قائم کیئے گئے ہیں۔ 7 ڈسمبر یعنی آخری تاریخ سے عین قبل اکثر درخواستوں کے ادخال کی رفتار میں تیزی آجاتی ہے لہٰذا وہ درخواست گزاروں سے خواہش کرتے ہیں کہ وہ آخری دن کا انتظار کیے بغیر اپنی درخواستیں آن لائین یا شخصی طور پر داخل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین حج کے لیے بہتر سے بہتر انتظامات کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حج کیمپ کے موقع پر عازمین کو بہتر سہولتیں حاصل رہیںگی۔ آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی حیدرآباد سے عمل میں آئے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کی روانگی کے پروگرام کے اعلان کے مطابق ہی دونوں ریاستوں کے کیمپ کی تواریخ طے کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی قرعہ اندازی جنوری کے پہلے ہفتے میں مقرر ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اضلاع کی حج سوسائٹیوں سے خواہش کی کہ وہ 7 ڈسمبر کی آخری تاریخ کے مطابق حج درخواستوں کی اجرائی اور قبولیت کا عمل مکمل کرلیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی عازمین حج کے لیے بہتر انتظامات کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے عازمین حج کی بہتر خدمت کے لیے بجٹ میں اضافہ کا تیقن دیا ہے۔