تاریخ میں مزید توسیع نہیں ہوگی ، سنٹرل حج کمیٹی کی وضاحت ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر (سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں پر واضح کردیا ہے کہ حج 2018ء کے لیے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 7 ڈسمبر میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا کے ظہیر حسین نے اس سلسلہ میں تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کی جانب سے درخواست فارم کے وصولی کی آخری تاریخ 7 ڈسمبر مقرر کی گئی ہے۔ تمام حج کمیٹیوں سے خواہش کی گئی کہ وہ آخری تاریخ پر سختی سے عمل کریں۔ ریاستی حج کمیٹیوں کو درخواستوں کی جانچ اور ڈیٹا انٹری کا کام روزانہ کی اساس پر انجام دینا ہوگا۔ آن لائین یا آف لائین موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ اور انہیں سنٹرل حج کمیٹی کو روانگی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ عازمین حج کی قرعہ اندازی کا عمل حکومت کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ تک مکمل ہوجائے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش حج کمیٹیوں کو بھی یہ مکتوب وصول ہوا ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ میں حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں درخواستوں کی اجرائی اور ادخال کا کام جاری ہے اور تمام سوسائٹیوں کو سنٹرل حج کمیٹی کے تازہ احکامات سے واقف کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آن لائین اور آف لائین داخل کی جانے والی درخواستوں کی جانچ کا کام وقتاً فوقتاً مکمل کیا جارہا ہے تاکہ قرعہ اندازی میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام خواہشمند جو حج 2018ء ادا کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ مقررہ تاریخ سے قبل درخواستیں داخل کردیں۔ انہوں نے کہا کہ حج ہائوز میں درخواست گزاروں کی سہولت کے لیے خصوصی کائونٹرس قائم کئے گئے ہیں جن سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ علیحدہ میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا جہاں درخواست گزار اپنے بلڈ گروپ کی جانچ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضلع حج سوسائٹیوں کو 7 ڈسمبر کے فوری بعد درخواستیں ریاستی حج کمیٹی میں جمع کرادینا چاہئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حج 2018ء کے سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی نے جو رہنمایانہ خطوط طے کیئے ہیں اس کے مطابق 4 مرتبہ مسلسل درخواست داخل کرنے سے متعلق محفوظ زمرے کو برخاست کردیا گیا ہے۔ جبکہ 70 یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے محفوظ زمرہ برقرار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم کے بغیر خواتین کو حج کی اجازت سے متعلق درخواستیں تلنگانہ حج کمیٹی کو موصول نہیں ہوئی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کو ابھی تک جملہ 5544 درخواستیں عام زمرے میں موصول ہوئی ہیں جبکہ محفوظ زمرے کے تحت 140 درخواستیں داخل کی گئیں۔ آج ایک دن میں 697 درخواستیں داخل ہوئی ہیں اور مجموعی طور پر تلنگانہ سے ابھی تک 5684 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ اسی دوران ایگزیکٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی لیاقت علی نے بتایا کہ حج کمیٹی کے ذریعہ زندگی میں صرف ایک مرتبہ حج کی سعادت حاصل کرنے کی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کے لیے لازمی ہے کہ ان کے پاسپورٹس 14 فبروری 2019ء تک کارکرد رہیں۔ 70 سال یا اس سے زائد عمر کے درخواست گزاروں کو محفوظ زمرے کے تحت فوری عازم حج کی حیثیت سے شامل کرلیا جائے گا اور انہیں پاسپورٹ کی اوریجنل کاپی داخل کرنی ہوگی۔ جبکہ باقی عازمین کا قرعہ اندازی سے انتخاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آن لائین درخواست داخل کرنے کے بعد پرنٹ آئوٹ کی کاپی 7 ڈسمبر تک آندھراپردیش حج کمیٹی کو روانہ کردی جائے۔ آندھراپردیش حج کمیٹی نے آن لائین درخواستوں کے ادخال کے لیے 13 اضلاع میں خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اردو اکیڈیمی کے کمپیوٹر سنٹرس پر یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ لیاقت علی نے کہا کہ ایک مرتبہ حج کی ادائیگی کے بعد دوبارہ درخواست کے ادخال پر داخل کی گئی رقم ضبط کرلی جائیگی اور اسے واپس نہیں کیا جائے گا۔ جنوری کے پہلے ہفتے میں قرعہ اندازی کا امکان ہے۔