مرکزی وزارت اقلیتی اُمور کی جانب سے درخواستوں کی طلبی
حیدرآباد۔/5جنوری، ( سیاست نیوز) حج 2018 میں عازمین حج کی خدمات کیلئے کوآرڈینیٹر، اسسٹنٹ حج آفیسر، حج اسسٹنٹ، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کرنے کیلئے مرکزی وزارت اقلیتی اُمور نے درخواستیں طلب کی ہیں۔ حج سیزن میں جدہ کے قونصل جنرل آف انڈیا کے تحت مذکورہ افراد کو کام کرنا ہوگا۔ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا تعلق ایلوپیتھی سے ہونا چاہیئے۔ خواہشمند افراد اپنی درخواستیں ویب سائیٹ haj.nic.in/deputation پر داخل کرسکتے ہیں ۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کے ملازمین ان خدمات کے سلسلہ میں درخواست داخل کرنے کے اہل ہوں گے۔ امیدواروں کی عمر 25 تا 50 سال کے درمیان ہونی چاہیئے۔ ایلوپیتھی ڈاکٹرس جنہوں نے ایم بی بی ایس کی تکمیل کی ہو ان کیلئے عمر کی حد 55 سال مقرر کی گئی ہے۔ عربی اور علاقائی زبانوں سے واقف درخواست گذاروں کو ترجیح دی جائے گی۔ درخواست گذاروں کو صحت سے متعلق ہیلت سرٹیفکیٹ داخل کرنا ہوگا اور متعلقہ ڈپارٹمنٹ سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ عارضی، کنٹراکٹ اور اڈھاک ملازمین ان خدمات کیلئے اہل نہیں ہیں۔ آن لائن درخواستیں 31 جنوری تک داخل کرتے ہوئے درخواست کی پرنٹ آؤٹ کاپی اور منسلکہ دستاویزات 15 فبروری تک انڈر سکریٹری حج II، حج ڈیویژن منسٹری آف میناریٹی افیرس، تیسری منزل، انڈین سوسائٹی آف انٹرنیشنل لاء، بھگوان داس روڈ نئی دہلی۔ 110001 پر روانہ کرسکتے ہیں۔درخواست دینے کے خواہشمند افراد ویب سائیٹ پر تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ وزارت اقلیتی اُمور نئی دہلی کے دفتر میں انٹرویو کے ذریعہ درخواست گذاروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ مزید تفصیلات متعلقہ حج کمیٹیوں کے دفاتر سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔