ریال کی قیمت میں اضافہ، 10 جولائی تک اضافی رقم جمع کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون (سیاست نیوز) حج 2018 ء کے عازمین حج کو سفری اخراجات کے طور پر زائد رقم ادا کرنی ہوگی ۔ ریال کی قیمت میں اضافہ کے بعد سنٹرل حج کمیٹی نے گرین عزیزیہ اور رباط زمرہ کے عازمین کیلئے اضافی رقم مقرر کی ہے جو 10 جولائی تک ادا کرنی ہوگی۔ سنٹرل حج کمیٹی نے اس سلسلہ میں تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کیا ہے۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ریال کی قیمت میں اضافہ کے باعث مدینہ منورہ میں قیام ، قربانی اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔ ریال کی پہلے طئے شدہ قیمت 17 روپئے 60 پیسے تھی جو اب بڑھ کر 17 روپئے 91 پیسے ہوچکی ہے ۔ اضافی اخراجات کے طور پر گرین زمرہ کے عازمین کو فی کس 7750 روپئے ، عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو فی کس 7150 روپئے، رباط کے عازمین کو 6350 روپئے اور جحفہ میقات کے عازمین کو فی کس 31 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ یہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ سے بذریعہ چالان سنٹرل حج کمیٹی کو ارا کی جانی چاہئے ۔ حج کمیٹی کے ذریعہ قربانی دینے والے عازمین کو فی کس 508 روپئے اضافی طور پر ادا کرنے ہوں گے۔ قربانی کیلئے پہلے سے طئے شدہ رقم 8000 روپئے تھی جسے بڑھاکر 8508 روپئے کیا گیا ہے۔ مدینہ منورہ میں رہائش کیلئے 950 ریال مقرر کئے گئے ہیں جس کے تحت گرین زمرہ کے عازمین کو اضافی رقم کے طور پر 4500 روپئے اور عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو 2580 روپئے کرنے ہوں گے ۔ دوسری مرتبہ سعودی عرب روانہ ہوں گے والے عازمین کے لئے 2000 ریال کی اضافی ادائیگی کے تحت فی کس 35,202 روپئے مقرر کئے گئے تھے لیکن اب انہیں 35,821 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ اس طرح 619 روپئے اضافی طور پر وصول کئے جارہے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ مقررہ تاریخ تک اضافی رقم ادا کردیں۔