حج 2018 ء کا کیمپ مثالی رہے گا

حج کمیٹی کے عہدیدار اور ملازمین کا اجلاس ، صدرنشین مسیح اللہ خاں کا خطاب
حیدرآباد۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ حج 2018 ء کا کیمپ مثالی رہے گا اور وہ عازمین حج کی بہتر خدمات کیلئے حج کمیٹی کے ملازمین سے محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔ صدرنشین کی حیثیت سے انتخاب کے بعد مسیح اللہ خان نے آج حج کمیٹی کے عہدیداروں اور ملازمین کا اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے ملازمین سے خواہش کی کہ عازمین حج کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ چیف منسٹر نے انہیں حج کمیٹی کا صدرنشین نامزد کیا ہے جو ان کیلئے اعزاز اور باعث سعادت ہے۔ عازمین حج کی خدمت کا موقع ملنے پر وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ وہ کوشش کریں گے کہ عازمین کی خدمات میں کوئی کوتاہی نہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کے ارکان، اگزیکیٹیو آفیسر اور دیگر اسٹاف کے تعاون سے کام کریں گے ۔ مسیح اللہ خاں نے اسٹاف کے مسائل کی یکسوئی کا بھی تیقن دیا۔ انہوں نے ڈسپلن کی برقراری کا مشورہ دیا اور کہا کہ کسی بھی ادارہ کی نیک نامی کیلئے ڈسپلن ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ڈسپلن شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت ہم سب کی ذمہ داری ہے اور باعث اجر بھی۔ مسیح اللہ خاں نے کہا کہ جاریہ سال تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین حج حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے ۔ کمیٹی حج کیمپ اور ایرپورٹ کے حج ٹرمنل میں موثر انتظامات کو یقینی بنائے گی ۔ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کی خدمات ملک کی دیگر ریاستوں میں نمایاں ہیں۔ گزشتہ تین برسوں سے کرناٹک اور آندھراپردیش کے عازمین کیلئے بھی موثر انتظامات کئے گئے ۔ انہوں نے ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ گروپ بندیوں کے بجائے یک جٹ ہوکر کام کریں۔ اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ملازمین کا صدرنشین سے تعارف کرایا اور ہر سیکشن کی کارکردگی سے واقف کرایا۔