ادخال درخواست کی تاریخ کا اختتام ، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری (سیاست نیوز) حج 2017 ء کیلئے درخواست فارم داخل کرنے کی مہلت آج ختم ہوگئی اور تلنگانہ حج کمیٹی کو شام تک 19777 درخواستیں وصول ہوئیں۔ بعض اضلاع سے درخواستوں کی وصولی کے بعد جملہ حقیقی تعداد کا علم ہوگا۔ تاہم امکان ہے کہ 20,000 سے زائد درخواستیں وصول ہوں گی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اب تک شہر اور بعض اضلاع سے موصولہ 19777 درخواستوں میں 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 686 اور مسلسل چار مرتبہ درخواست داخل کرنے کے محفوظ زمرہ میں 2354 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ فریش زمرہ میں 16737 درخواستیں داخل ہوئیں۔ بعض اضلاع سے درخواستوں کی وصولی کا کام باقی ہے ۔ متعلقہ حج سوسائٹیاں اندرون دو یوم اپنی درخواستیں حج کمیٹی میں جمع کردیں گی جس کے بعد حقیقی تعداد کا علم ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال حج کوٹہ میں 20 فیصد اضافہ کے باعث تلنگانہ کا حج کوٹہ 3200 تک الاٹ کیا جاسکتا ہے جبکہ گزشتہ سال 2782 حج کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا۔ 20 فیصد اضافی نشستوں کے باوجود فریش زمرہ میں بہت کم نشستوں کیلئے قرعہ اندازی ممکن ہے۔ گزشتہ سال 328 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی گئی تھی ۔ محفوظ زمروں میں زائد درخواستوں کی وصولی کے سبب عام زمرہ کی نشستیں کم رہ جائیں گی۔ دونوں محفوظ زمروں کے درخواست گزاروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے بغیر کیاجاتا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 17,000 درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج 2017 ء میں گرین زمرہ کیلئے پکوان کی سہولت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ مارچ کے پہلے ہفتہ میں قرعہ اندازی کا امکان ہے۔ اس سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی قطعی تاریخ کی اطلاع دے گی۔ درخواستوں کے ادخال کے آخری دن آج حج ہاؤز میں کافی ہجوم دیکھا گیا۔ حج کمیٹی کی جانب سے کئی خصوصی کاونٹرس قائم کئے گئے تھے تاکہ درخواست گزاروں کو سہولت ہو۔ درخواستوں کی جانچ کا کام رات 8 بجے تک بھی جاری رہا اور اس وقت تک کاؤنٹرس کو کھلا رکھا گیا۔