حج 2017 کے لیے ابتدائی دو دن میں 150 درخواستیں داخل

محفوظ زمرہ کی درخواستوں میں اضافہ سے عام زمرہ کی نشستوں میں کمی کا امکان
حیدرآباد۔/3جنوری، ( سیاست نیوز) حج 2017 کیلئے پہلے دو دنوں میں تقریباً 150 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اس طرح حج سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی درخواستوں کے ادخال میں کافی تیزی دیکھی جارہی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ کل 2جنوری کو درخواست فارمس کی اجرائی کا آغاز ہوا تھا اور پہلے دن ہی 85 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں 2 محفوظ زمرہ جات کے تحت 39 درخواستیں داخل ہوئی ہیں جبکہ فریش درخواستوں کی تعداد 46 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 85 کوور داخل کئے گئے جن میں عازمین حج کی تعداد کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔ جاریہ سال درخواستوں کے اس رجحان کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ عام زمرہ کیلئے نشستوں کی تعداد کم رہ جائے گی جس کے لئے قرعہ اندازی کی جاتی ہے۔ گذشتہ سال بھی صرف حیدرآباد سے 17000 درخواستوں میں 500 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی گئی تھی۔ زیادہ تر نشستیں محفوظ زمرہ جات کو الاٹ کی جاتی ہیں جنہیں قرعہ اندازی کے بغیر ہی منتخب کیا جاتا ہے۔ پہلے دن 70 سال یا اس سے زائد عمر کے پہلے زمرہ میں 2 کور داخل کئے گئے جبکہ مسلسل 4سال قرعہ اندازی میں موقع حاصل نہ کرنے والے زمرہ میں37 کور داخل کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دو دنوں میں صرف حیدرآباد میں 4000 درخواست فارمس عازمین حج نے حاصل کئے۔ ہر درخواست فارم میں 5 افراد کی درخواست کی گنجائش موجود ہے۔ اضلاع میں بھی حج سوسائٹیز کی جانب سے درخواست فارمس کی اجرائی کا آغاز ہوچکا ہے۔ اگر جاریہ سال مرکزی حکومت تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ نہ کرے تو محفوظ زمروں میں زائد نشستیں الاٹ ہوسکتی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے حج ہاوز میں درخواستوں کی خانہ پُری کیلئے 20 خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے۔ اس کے علاوہ درخواستوں کی جانچ کیلئے 4 اور درخواستوں کی وصولی کیلئے 4 کاؤنٹرس قائم کئے گئے۔ درخواستوں کی اجرائی کیلئے 2 کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ یہ تمام کاؤنٹرس آفس کے اوقات میں کام کررہے ہیں۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج حج ہاوز پہنچ کر عازمین حج کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خصوصی کاؤنٹرس کے قیام اور خاص طور پر عازمین کیلئے مفت زیراکس کی سہولت کی فراہمی کی ستائش کی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ عازمین حج کے انتظامات میں ہر سال بہتری ہورہی ہے۔ حج کمیٹی نے عازمین کیلئے پینے کے پانی کا بھی خصوصی انتظام کیا ہے۔ سکریٹری نے کئی درخواست گذاروں سے بات چیت کی اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے انہیں تفصیلات سے واقف کرایا۔ حج کمیٹی ملازمین کے علاوہ کئی رضاکارانہ تنظیموں کے کارکن عازمین حج کی خدمت میں مصروف ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ انتخاب کیلئے درمیانی افراد سے رجوع نہ ہوں کیونکہ کئی افراد دھوکہ دہی کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص کسی عازم کا نام قرعہ اندازی میں شامل نہیں کرسکتا۔