عنقریب دونوں ریاستوں کے عہدیداروںکا اجلاس ، پروین کمار کا سید عمر جلیل سے ربط
حیدرآباد۔28 جولائی (سیاست نیوز) حج 2017ء کے انتظامات کے سلسلہ میں آندھراپردیش حج کمیٹی نے اخراجات میں مساوی حصہ داری سے اتفاق کرلیا ہے۔ اس مسئلہ پر جاری تنازعہ کی یکسوئی کے سلسلہ میں عنقریب دونوں ریاستوں کے اعلی عہدیداروں کا اجلاس حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود آندھراپردیش پروین کمار نے سکریٹری اقلیتی بہبود تلنگانہ سید عمر جلیل سے ربط قائم کیا اور کہا کہ آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے موقع پر انتظامات کے سلسلہ میں جو بھی اخراجات ہوں گے عازمین کی تعداد کے حساب سے آندھراپردیش حکومت اپنی حصہ داری ادا کردے گی۔ گزشتہ سال آندھراپردیش کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے اور تلنگانہ حج کمیٹی کو تقریباً 30 لاکھ روپئے ادا کیئے گئے جن میں عازمین کے کھانے کے انتظامات اور دیگر اخراجات شامل ہیں۔ جاریہ سال آندھراپردیش حج کمیٹی نے اپنے عازمین کو ہوٹلوں میں ٹھہرانے کا فیصلہ کیا لہٰذا اس نے حج کیمپ کے اخراجات کا حصہ ادا کرنے سے انکار کیا تھا۔ اس سلسلہ میں پیدا شدہ تنازعہ کی یکسوئی کے لیے تلگودیشم ایم ایل سی احمد شریف نے مداخلت کی اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے ربط قائم کرتے ہوئے دونوں ریاستوں کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اندرون تین یوم یہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں دونوں ریاستوں کے سکریٹریز کے علاوہ حج کمیٹیوں کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ دونوں حج کمیٹیوں کے درمیان اخراجات کی ادائیگی کے مسئلہ پر معاہدہ طے پائے گا۔ آندھراپردیش کے عازمین کے ہوٹلوں میں قیام کا مسئلہ بھی اس اجلاس میں زیر بحث آسکتا ہے کیوں کہ مرکزی حکومت نے جاریہ سال عازمین حج کی سکیوریٹی کے سلسلہ میں خصوصی توجہ کی ہدایت دی ہے۔ اگر آندھراپردیش کے عازمین ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں تو آندھراپردیش حج کمیٹی کو کیمپ کے دیگر اخراجات میں اپنی حصہ داری ادا کرنی ہوگی۔ آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی کے ایام میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو غذا کی فراہمی، برقی، آبرسانی کے چارجس اور سپلائنگ کمپنی کے اخراجات ادا کرنے ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ کیمپ کے اختتام کے بعد تمام بلس چارٹرڈ اکائونٹنٹ کو روانہ کرتے ہوئے عازمین حج کی تعداد کے اعتبار سے اخراجات کی تقسیم کی خواہش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ جاریہ سال حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تقریباً 8 ہزار عازمین کی روانگی کا امکان ہے جس میں تلنگانہ سے تقریباً 3,800 اور آندھراپردیش سے 2,800 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ حج فلائٹس کا 13 اگست کو آغاز ہوگا۔ 22 اگست تک 14 پروازوں کے ذریعہ عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔