حج 2017 کی تیاریوں کا عازمین کے ٹیکہ اندازی کیمپ سے آغاز

13 اگست سے پروازوں کا آغاز ، 22 اگست آخری پرواز ہوگی
حیدرآباد ۔ 27۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی حج 2017 ء کی تیاریوں کا عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ سے آغاز کرے گی۔ کمیٹی نے رمضان المبارک کے بعد ریاست بھر میں ٹیکہ اندازی کیمپس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اب جبکہ عیدالفطر گزرچکی ہے، ٹیکہ اندازی کیلئے پروگرام تیار کیا جارہا ہے۔ ٹیکہ اندازی کی دوا چینائی پہنچ چکی ہے جو بہت جلد حیدرآباد منتقل کردی جائے گی ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ٹیکہ اندازی کا پہلا کیمپ حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوگا، جس کی تاریخ جلد ہی طئے کرلی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع میں ضلع حج سوسائٹیوں کے اشتراک سے کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی و واپسی کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ بہت جلد عازمین حج کا انفرادی شیڈول طئے کردیا جائے گا جس کی اطلاع عازمین حج کو دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال سعودی ایرلائینس کی خدمات تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے الاٹ کی گئی ہیں۔ گزشتہ دو برسوں تک ایر انڈیا کی پروازوں سے عازمین حج کی روانگی اور واپسی عمل میں آئی تھی۔ جاریہ سال سنٹرل حج کمیٹی نے آندھراپردیش کیلئے علحدہ امبارگیشن پوائنٹ الاٹ کرنے سے معذوری ظاہر کی جس کے باعث آندھراپردیش کے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے ۔ حج کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں دونوں حج کمیٹیوں کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوں گے ۔ ملک میں عازمین کی روانگی کے دوسرے مرحلہ میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کو شامل کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلہ کے عازمین مدینہ منورہ روانہ ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلہ کے عازمین جدہ روانہ ہوں گے جبکہ ان کی واپسی مدینہ منورہ سے ہوگی۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین کی پروازوں کا 13 اگست سے آ غاز ہوگا اور 22 اگست آخری پرواز رہے گی ۔ 14 پروازوں کے ذریعہ دونوں ریاستوں کے 6,300 عازمین حالتِ احرام میں جدہ روانہ ہوں گے۔ 15 ، 17 ، 19 اور 21 اگست کو روزانہ دو پروازیں رہیں گی۔ سعودی عرب ایرلائینس کی جمبو فلائیٹ کے ذریعہ ہر پرواز میں 450 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ کرناٹک کے 4 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے جبکہ آندھراپردیش کے بعض عازمین کی بنگلور سے روانگی عمل میں آئے گی ۔ حجاج کرام کی واپسی کا 20 ستمبر سے آغاز ہوگا۔ مدینہ منورہ سے جملہ 14 پر وازوں کے ذریعہ 29 ستمبر تک واپسی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج ہاؤز میں حج کیمپ کے انعقاد کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد ہوگا۔