عنقریب تاریخ کا اعلان، سنٹرل حج کمیٹی کا ملک کی ریاستوں کیلئے شیڈول
حیدرآباد۔25 فبروری (سیاست نیوز) حج 2017ء کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کی قرعہ اندازی کا مارچ کے دوسرے ہفتے میں انعقاد کا امکان ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے ملک بھر کی تمام ریاستوں کے لیے 14 تا 21 مارچ قرعہ اندازی کا شیڈول طے کرنے کا فیصلہ کیا اور توقع ہے کہ بہت جلد تلنگانہ اور آندھراپردیش کی تاریخوں کا اعلان کردیا جائے گا۔ دوسری طرف ریاستوں کے لیے حج کوٹہ الاٹ کرنے کا کام جاری ہے اور گزشتہ سال کے مقابلہ 20 فیصد اضافی نشستوں کے ساتھ تمام ریاستوں کو کوٹہ الاٹ کیا جائے گا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ مرکز سے اضافی کوٹہ حاصل کرنے کے لیے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی قیادت میں عہدیداروں کا وفد مارچ کے پہلے ہفتے میں نئی دہلی کا دورہ کرے گا۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے عنقریب حیدرآباد کا دورہ کرنے کا تیقن دیا ہے اگر وہ مارچ کے پہلے ہفتے تک حیدرآباد نہیں پہنچے تو تلنگانہ کا وفد دہلی پہنچ کر ان سے ملاقات کرے گا۔ تلنگانہ کے لیے 2000 اضافی نشستوں کے الاٹمنٹ کی مساعی جاری ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کے ذریعہ وزیراعظم سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حج 2017ء کے لیے 20601 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں جن میں 34 کمسن بچے ہیں۔ فریش زمرے کے تحت 17565 درخواستیں داخل کی گئیں اور 29 کمسن بچوں نے پہلی مرتبہ درخواست داخل کی ہے۔ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ A کے تحت 744 امیدواروں نے درخواست داخل کی جن میں ایک کمسن شامل ہے۔ مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست داخل کرنے سے متعلق محفوظ زمرہ B کے تحت 2289 درخواستیں داخل ہوئی ہیں جن میں 4 کمسن بچے شامل ہیں۔ مختلف وجوہات کے سبب چوتھی مرتبہ کے محفوظ زمرے کا استعمال نہ کرنے والے 8 درخواست گزاروں نے پانچویں مرتبہ درخواست داخل کی ہے۔ محفوظ زمرہ جات کی درخواستوں کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب کرلیا جائے گا۔