حیدرآباد۔/4فبروری، ( سیاست نیوز) حج 2016کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کو ابھی تک 9823 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 14جنوری سے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوا تھا اور آج تک شہر اور اضلاع سے 9823 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں حیدرآباد سے 7087 اور اضلاع سے 2736 درخواستیں داخل کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ 8762درخواستیں تحریری ہیں جبکہ 1061 درخواستیں آن لائن داخل کی گئیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 8فبروری درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہے اور سنٹرل حج کمیٹی اس تاریخ میں مزید توسیع کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی تاہم انہوں نے اس بات کا اشارہ دیا کہ اگر مرکزی حکومت سے تاریخ میں توسیع کی سفارش کی جائے تو کم از کم ایک ہفتہ کیلئے توسیع ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال ریاستوں کے حج کوٹہ میں اضافہ کا امکان نہیں ہے کیونکہ سنٹرل حج کمیٹی کے کوٹہ میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ گزشتہ سال کے مطابق تمام ریاستوں کو سنٹرل حج کمیٹی کوٹہ الاٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری 2011میں مسلم آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ الاٹ کیا جاسکتا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ بیشتر ریاستوں میں مقررہ حج کوٹہ سے کہیں زیادہ درخواستیں داخل ہوچکی ہیں اور بعض ریاستوں میں محفوظ زمرہ کی درخواستیں اس قدر زائد ہیں کہ عام زمرہ کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔ اس کے علاوہ محفوظ زمرہ میں بھی قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کرنا پڑیگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج کمیٹی نے حج ہاوز میں عازمین حج کی سہولت کیلئے 16سے زائد خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں جہاں درخواستوں کی خانہ پُری کیلئے رہنمائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج کمیٹی نے مفت زیراکس کی سہولت فراہم کی ہے تاکہ عازمین حج اگر دستاویزات کی زیراکس ساتھ نہ لائیں تو انہیں کوئی زحمت نہ ہو۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق جاریہ سال آندھرا پردیش کے عازمین حج بھی حیدرآباد سے ہی روانہ ہوں گے اور تلنگانہ حج کمیٹی ان کی روانگی کے انتظامات کرے گی۔ عازمین حج کے انتظامات گزشتہ سال سے بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں انٹرنیشنل ایرپورٹ کی تعمیر کے بعد عازمین حج کی روانگی کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح جاریہ سال روزانہ 3 پروازوں کے بجائے کم سے کم 2 پروازوں کا شیڈول تیار کرنے کیلئے سنٹرل حج کمیٹی سے نمائندگی کی گئی ہے۔