حج 2016ء کیلئے درخواستوں کی اجرائی و وصولی

عازمین کو پاسپورٹ تیار کروالینے کا مشورہ : پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 2 جنوری (پریس نوٹ) اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اعلان کیا ہیکہ حج سیزن 2016ء کا ماہ جنوری سے آغاز ہورہا ہے۔ 14 جنوری سے حج 2016ء کیلئے درخواستیں جاری اور داخل کرنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا جو 8 فبروری تک جاری رہے گا۔ درخواستیں آن لائن وصول کی جائیں گی، جس کیلئے تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی مناسب انتظامات کررہی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے اس سال بھی آندھراپردیش کے عازمین حج کی درخواستوں کی وصولی سے لیکر ان کی روانگی اور واپسی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کے انتخاب کیلئے 15 مارچ سے 23 مارچ تک کبھی بھی قرعہ اندازی ہوگی۔ جن درخواست گذاروں کا انتخاب عمل میں آئے گا ان کو پہلی قسط کی رقم ادا کرنے کیلئے 8 اپریل تک مہلت دی جائے گی۔ 15 اپریل تک پاسپورٹ، بینک چالان اور میڈیکل سرٹیفکیٹ داخل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال وقوف عرفات یعنی حج 10 ستمبر کو مقرر ہے۔ 4 اگست 2016ء سے 5 ستمبر تک دو مرحلوں میں حج چارٹرڈ فلائیٹس کی روانگی عمل میں آئے گی۔ پہلے مرحلہ میں عازمین مدینہ منورہ اور دوسرے مرحلہ میں راست مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔ حج کے بعد 15 ستمبر سے حجاج کرام کی واپسی کا عمل شروع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال 2011ء کی مردم شماری کی بنیاد پر ریاستوں کو حج کوٹہ الاٹ کیا جائے گا جس سے تلنگانہ و آندھراپردیش کے عازمین کی تعداد میں اضافہ کی توقع ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2016ء کے ایکشن پلان کو قطعیت دے دی ہے، جس کے مطابق ماہ مارچ کے تیسرے ہفتہ میں ٹرینرز کیلئے ٹریننگ پروگرام منعقد ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے درخواست داخل کرنے کے خواہشمند افراد سے خواہش کی ہیکہ وہ اپنا انٹرنیشنل پاسپورٹ تیار رکھیں اور جن افراد کے پاس پاسپورٹ موجود نہیں ہیں وہ جلد سے جلد اپنا پاسپورٹ تیار کروالیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاسپورٹ ڈیجیٹل پرنٹ کئے ہوئے ہوں یعنی وہ مشین پر پڑھے جانے کے قابل ہوں یعنی اس میں تفصیلات ہاتھ سے لکھی ہوئی نہ ہوں۔ درخواستیں آن لائن داخل کرنے کی سہولت بھی فراہم رہے گی جس کی وجہ سے درخواست گذاروں کو بڑی سہولت ہوگی اور ان کو فارم حاصل کرنے اور داخل کرنے کیلئے حج ہاؤز یا ڈسٹرکٹ حج سوسائٹیوں کے دفتر تک آنے کی زحمت نہیں ہوگی۔