حج 2015 کے لیے درخواستوں کے ادخال کا آغاز

پہلے دن حیدرآباد سے 215 عازمین کی درخواستیں داخل ، ویب سائٹ سے درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/20جنوری، ( سیاست نیوز) حج 2015 کیلئے درخواستوں کے ادخال کے آغاز کے دوسرے ہی دن حیدرآباد کے 215 عازمین حج نے اپنی درخواستیں داخل کردیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 75کور کے تحت 215عازمین نے حج بیت اللہ کی سعادت کیلئے آج درخواست فارم داخل کئے۔ تمام کا تعلق شہر حیدرآباد سے ہے اور ابھی تک اضلاع سے درخواستوں کے ادخال کا آغاز نہیں ہوا۔ ایک درخواست آن لائن داخل کی گئی جو کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عازم کی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ درخواست فارمس کی اجرائی کیلئے 2 اور وصولی کیلئے 2کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ پُر کی گئی درخواستوں کی جانچ کیلئے 3کاؤنٹرس اور درخواستوں کی خانہ پُری میں رہنمائی کیلئے 15کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ حج ہاوز نامپلی میں درخواستوں کی وصولی اور ان کی خانہ پُری کے سلسلہ میں صبح سے ہی زبردست ہجوم دیکھا گیا۔ مرد و خواتین کی کثیر تعداد درخواست فارمس پُر کررہی تھی۔ جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی دو ریاستوں کے عازمین کیلئے خدمات انجام دے گی۔ اس سلسلہ میں حکومت آندھرا پردیش سے یادداشت مفاہمت کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی دشواری کے سلسلہ میں عوام راست طور پر عہدیداروں سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ اسی دوران پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج سے خواہش کی کہ وہ سنٹرل حج کمیٹی کی ویب سائٹ سے درخواستوں کو راست ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ حج ہاوز آنے اور طویل قطار کی دشواری سے بچ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ مطبوعہ درخواست فارم کی زیراکس کاپی بھی قبول کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال سے آن لائن درخواستوں کی قبولیت کا نظم شروع کیا گیا ہے تاکہ عازمین کو سہولت ہو۔ آن لائن درخواست فارم پُر کرنے پر درخواست گذاروں کو گروپ آئی ڈی نمبر دیا جائے گا اور وہ آن لائن درخواست فارم کے دو پرنٹ، فوٹو، دستخط، ڈاکٹر کا صداقتنامہ اور پاسپورٹ کی زیراکس کاپی کے ساتھ دفتر حج ہاوز میں داخل کرسکتے ہیں جہاں انہیں کور نمبر الاٹ کیا جائے گا۔ درخواست فارم کیلئے 300روپئے کا چالان اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا پھر یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں جمع کیا جاسکتا ہے۔