حیدرآباد۔ 7 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2015 ء کیلئے درخواست فارمس کی اجرائی کا توقع ہے کہ 19 جنوری سے آغاز ہوگا۔ تلنگانہ حج کمیٹی جاریہ سال دو ریاستوں کے عازمین کی خدمت کا اعزاز حاصل کرے گی ۔ اگرچہ حج کمیٹی کی دونوں ریاستوں میں تقسیم کا عمل مکمل ہوچکا ہے، تاہم آندھراپردیش میں انٹرنیشنل ایرپورٹ کی عدم موجودگی اور علحدہ حج کمیٹی کی عدم تشکیل کے باعث تلنگانہ حج کمیٹی کو یہ ذمہ داری ادا کرنی پڑے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ 19 جنوری سے ملک بھر میں حج درخواستوں کی اجرائی کا آغاز ہوگا۔ حیدرآباد میں تلنگانہ اور آندھراپردیش دونوں کیلئے درخواست فارمس جاری کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی آندھراپردیش کے اضلاع کے لئے حج فارمس کی اجرائی کی ذمہ داری نبھائے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی نے اس سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ سنٹرل حج کمیٹی کے عہدیدار کے مطابق تلنگانہ اور آندھراپردیش دو ریاستوں کے باوجود جاریہ سال حج کوٹہ میں اضافہ کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال متحدہ آندھراپردیش کیلئے جو کوٹہ مقرر کیا گیا تھا، وہی کوٹہ جاریہ سال دونوں ریاستوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
دونوں ریاستوں میں اقلیتوں کی آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی آندھراپردیش کے عازمین کی خدمت کیلئے وہاں کی حکومت سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کرے گی اور آندھراپردیش حکومت اپنے عازمین کی تعداد کے مطابق بجٹ جاری کرے گی۔ حج ہاؤز میں گزشتہ سال کی طرح دونوں ریاستوں کیلئے مشترکہ حج کیمپ منعقد کیا جائے گا ۔ عازمین کی روانگی اور واپسی کے شیڈول کا اعلان سنٹرل حج کمیٹی کرے گی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال متحدہ آندھراپردیش کیلئے 5387 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا ۔ تاہم ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین کے بعد حیدرآباد سے جملہ 6043 عازمین حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ 2001 ء مردم شماری کی بنیاد پر حج کوٹہ کا تعین کیا جارہا ہے جبکہ تلنگانہ حج کمیٹی نے سنٹرل حج کمیٹی سے درخواست کی کہ 2011 ء مردم شماری کے تحت کوٹہ الاٹ کیا جائے۔ حیدرآباد سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ رائچور ، بیدر اور گلبرگہ کے عازمین روانہ ہوں گے جبکہ اننت پور اور چتور کے عازمین بنگلور سے پرواز کریں گے۔