۔600 عازمین کو قیام و طعام کی سہولت ، 46 ہزار روپیوں کی بچت ، پرمٹ مکتوبات کی اجرائی کا آغاز
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی(سیاست نیوز) حج 2015 ء کے دوران مکہ مکرمہ میں 597 افراد کیلئے رباط میں قیام کے انتظامات کئے جارہے ہیں لیکن رباط میں قیام کے تعلق سے عازمین حج میں عدم دلچسپی نے حکام کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ اوقاف کمیٹی نظام کی جانب سے گزشتہ دو دن سے عزیزیہ زمرہ کے منتخب عازمین کو پرمٹ لیٹرس کی اجرائی کا آغاز ہوا لیکن دو دنوں میں عازمین حج کی جانب سے ردعمل انتہائی مایوس کن رہا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک 100 عازمین نے بھی رباط میں قیام کا اجازت نامہ حاصل کرنے کیلئے درخواستیں داخل نہیں کیں۔ اب جبکہ درخواستوں کے ادخال کے لئے صرف تین دن باقی رہ گئے ہیں، حج کمیٹی اور اوقاف کمیٹی فکرمند ہیں کہ کس طرح عازمین حج کو رباط میں قیام کی سہولت سے استفادہ کیلئے راغب کیا جائے۔ واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں واقع حیدرآبادی رباط میں صرف 253 افراد کے قیام کی گنجائش ہے لیکن ناظر رباط حسین محمد الشریف نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور ریاستی ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کی مساعی پر 600 افراد کیلئے قیام کے انتظامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لئے مزید دو عمارتیں حاصل کی گئی ہیں۔ رباط جو کہ حرم شریف سے کافی قریب ہے، اس میں قیام کی صورت میں فی عازم 46100 روپئے کی بچت ہوتی ہے، اس کے علاوہ جاریہ سال ناظر رباط نے اپنے طور پر تمام 597 عازمین حج کیلئے طعام اور لانڈری کی سہولت کا مفت انتظام کیا ہے۔ تلنگانہ ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے عزیزیہ زمرہ سے تعلق رکھنے والے عازمین کے کور نمبرس کی قرعہ اندازی کرتے ہوئے رباط میں قیام کیلئے انتخاب عمل میں آیا ۔ سنٹرل حج کمیٹی نے اوقاف کمیٹی نظام کو پرمٹ لیٹرس کی اجرائی کا اختیار دیا ہے۔
کمیٹی نے 21 جولائی سے درخواستوں کے حصول کا آغاز کیا اور 25 جولائی آخری تاریخ ہے لیکن ابتدائی دو دن میں 100 عازمین بھی پرمٹ لیٹر کیلئے رجوع نہیں ہوئے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو باقی تین دنوں میں 597 عازمین کے رجوع ہونے کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ قرعہ اندازی میں صرف 25 عازمین کا ویٹنگ لسٹ میں انتخاب کیا گیا۔ اس سے زائد نشستیں خالی رہنے کی صورت میں حج کمیٹی کو دوبارہ قرعہ اندازی کرتے ہوئے مابقی نشستوں کیلئے عازمین کا انتخاب کرنا پڑے گا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج اوقاف کمیٹی نظام کے دفتر واقع چریان پیالس کا دورہ کرتے ہوئے پرمٹ لیٹرس کی اجرائی کا جائزہ لیا۔ سکریٹری اوقاف کمیٹی قاسم رضا نے انہیں پرمٹ لیٹر کی اجرائی کے طریقہ کار سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین کی جانب سے تمام ضروری دستاویزات داخل کئے جانے کے بعد دو یا تین دن میں پرمٹ لیٹر تیار کیا جاتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ رباط میں قیام کیلئے منتخب عازمین میں اکثر اپنے انتخاب سے لاعلم ہیں۔ حج کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ منتخب عازمین کو فون کے ذریعہ اطلاع دیں تاکہ وہ رباط میں قیام کی سہولت سے استفادہ کرسکیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے امید ظاہر کی کہ باقی تین دنوں میں منتخب عازمین اوقاف کمیٹی سے رجوع ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ منتخب عازمین کی مکمل تعداد رجوع نہ ہونے کی صورت میں نیا تنازعہ کھڑا ہوگا۔