حج 2015 : صدر جمہوریہ کے خصوصی کوٹہ کے تحت کورنمبرس منظور، قربانی سے استثنیٰ کیلئے صرف ایک درخواست

حیدرآباد۔/18جون، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے حج 2015ء کیلئے اپنے خصوصی کوٹہ کے تحت 40 کور نمبرس کی منظوری دی ہے جس میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 2 کور نمبر شامل ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق راشٹر پتی بھون سے صدر جمہوریہ کے خصوصی کوٹہ کے تحت منظورہ 40 کور نمبرس کی فہرست جاری کردی گئی جس میں 2کور نمبرس کا تعلق ضلع رنگاریڈی سے ہے۔ حکومت نے حج درخواستوں کی منظوری کے سلسلہ میں جو خصوصی کوٹہ مقرر کیا ہے وہ صدر جمہوریہ، نائب صدر، وزیر اعظم اور وزارت خارجہ کے تحت ہے۔ سابق میں ارکان پارلیمنٹ کو بھی خصوصی کوٹہ مقرر تھا جسے ختم کردیا گیا۔ اسی دوران حج میں قربانی سے استثنیٰ کے سلسلہ میں عازمین میں کوئی خاص ردعمل نہیں دیکھا گیا۔ سنٹرل حج کمیٹی نے تین زمروں سے تعلق رکھنے والے افراد کو قربانی سے استثنیٰ کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلہ میں 22 جون تک انہیں درخواستیں داخل کرنی ہیں۔ ریاستی حج کمیٹی کو ابھی تک اس سلسلہ میں صرف ایک ہی درخواست وصول ہوئی ہے جس میں درخواست گذار نے حج اِفراد ادا کرنے کا ذکر کرتے ہوئے قربانی کی رقم جمع کرنے سے استثنیٰ کی خواہش کی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے حج اِفراد ادا کرنے والے عازمین کے علاوہ قربانی کے بجائے روزے رکھنے والے افراد اور اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کی بجائے اپنے طور پر قربانی کرنے والے افراد سے پیشگی درخواستیں طلب کی ہیں۔ ایسے افراد جو اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ذریعہ قربانی دینا نہیں چاہتے یا پھر دیگر دو زمروں کے تحت آتے ہیں وہ حج کمیٹی میں درخواست داخل کریں اور دوسری اور آخری قسط کی رقم کی ادائیگی کے وقت قربانی کی رقم جمع نہ کریں۔