حیدرآباد 24 جنوری (سیاست نیوز) حج 2015 کیلئے حج کمیٹی میں ابھی تک 1401 درخواست فارمس داخل کئے گئے ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 593 کور کے تحت 1401 درخواست فارمس گذشتہ 5 دنوں میں داخل کئے گئے ہیں۔ آج ایک دن میں 149 کور کے تحت 332 درخواست فارم داخل ہوئے ۔ ابھی تک جملہ 48 درخواستیں آن لائن داخل کی گئیں جو 23 کور کے تحت ہیں ۔ حج کمیٹی کے دفتر نامپلی سے ابھی تک 6 ہزار سے زائد درخواست فارم داخل کئے گئے ۔ انہو ںنے بتایا کہ درخواستوں کی قبولیت کی آخری تاریخ 20 فبروری ہے اور توقع ہے کہ جاریہ سال تلنگانہ ریاست میں گذشتہ سال سے زیادہ درخواستیں داخل کی جائیں گی ۔ ابھی تک آندھرا سے تعلق رکھنے والے دو عازمین نے حج ہاوز میں اپنے درخواست فارم داخل کئے جبکہ مابقی کا تعلق حیدرآباد سے ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ بہت جلد ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے ملاقات کرتے ہوئے عازمین حج کو پاسپورٹس کی جلد اجرائی کیلئے نمائندگی کی جائے گی۔ ایسے عازمین جنہوں نے پاسپورٹ کیلئے درخواست فارم داخل کردیا اور پولیس ویری فیکیشن مکمل ہوچکا ہے اُن کے پاسپورٹس کی جلد اجرائی کے سلسلہ میں پاسپورٹ آفیسر سے نمائندگی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ ہاتھ سے لکھے ہوئے پاسپورٹس کو ڈیجیٹل پاسپورٹ میں تبدیل کرنے کیلئے بھی نمائندگی کی جائے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی کے قواعد کے مطابق ہاتھ سے لکھے ہوئے پاسپورٹ قابل قبول نہیں ہیں۔