حیدرآباد۔ 25 جنوری (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج درخواست فارم داخل کرنے والے افراد سے خواہش کی ہے کہ وہ حج فارمس کی مناسب خانہ پُری کرنے کے بعد فارم داخل کرنے کے مرحلے میں اپنے ساتھ پاسپورٹ کی دو زیراکس کاپیاں، بینک چالان، منسوخ شدہ بینک چیک اور بینک پاس بُک کے پہلے صفحہ کی زیراکس کاپیاں اپنے ساتھ لائیں تاکہ فارم داخل کرتے وقت ان کو کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے ایک بیان میں بتایا کہ اگر درخواست گزار کا موجودہ رہائشی پتہ ان کے پاسپورٹ میں دیئے گئے پتہ سے مختلف ہو تو موجودہ پتہ کے ثبوت کیلئے راشن کارڈ، آدھار کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، ووٹر شناختی کارڈ، الیکٹریسٹی بل، ٹیلیفون بل یا گیاس سلنڈر بل کی زیراکس کاپی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر افراد فارم داخل کرتے ہوئے ان دستاویزات کی زیراکس کاپی اپنے ساتھ نہیں لا رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لئے ان افراد سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ساتھ زیراکس کاپیاں ضرور لائیں۔ اس طرح ان کو فارم داخل کرنے میں آسانی ہوگی۔