حج 2014 کیلئے دس ہزار درخواستیں ، 23 مارچ کو سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس

حیدرآباد ۔ 10۔ مارچ (سیاست نیوز) حج 2014 ء کیلئے تاحال 10 ہزار سے زائد درخواستیں ریاستی حج کمیٹی کو وصول ہوچکی ہیں۔ ہفتہ اور اتوار کو تعطیلات کے باوجود حج کمیٹی کا دفتر کھلا رہا ، تاکہ عازمین حج کو سہولت ہو۔ اتوار کے دن 915 درخواستیں وصول ہوئیں جو کہ ایک دن میں سب سے زیادہ درخواستیں ہیں۔ ابھی تک 10410 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 352 اور 3 مرتبہ قرعہ اندازی میں انتخاب سے محروم محفوظ زمرہ کے تحت 558 درخواستیں شامل ہیں۔ ان دونوں زمروں کی درخواستوں کو قرعہ اندازی کے بغیر ہی قبول کرلیا جائے گا۔ 38 درخواستیں ایسی تھیں جنہوں نے گزشتہ 5 برسوں کے دوران حج کی سعادت حاصل کی۔ ایسی درخواستوں کو مسترد کردیا جائے گا۔

درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 15 مارچ ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ ریاست بھر سے مزید 2000 درخواستیں وصول ہوں گی۔ حکومت سعودی عرب نے حج 2014 ء کیلئے ہندوستان کیلئے جو کوٹہ مقرر کیا ہے وہ گزشتہ سال کے برابر ہے لہذا آندھراپردیش کا کوٹہ بھی امید کی جارہی ہے کہ 2013 ء کے مطابق ہوگا۔ حج 2014 ء کے کوٹہ کو قطعیت دینے اور دیگر انتظامات کے سلسلہ میں 23 مارچ کو ممبئی میں سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں تمام ریاستوں کے صدور نشین حج کمیٹی، اسپیشل آفیسرس کو مدعو کیا گیا ہے۔ عازمین حج کی رہنمائی کیلئے حج ہاؤز میں خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں جہاں نہ صرف عازمین حج کو درخواستیں پر کرنے میں مدد کی جارہی ہے بلکہ دیگر ضروری امور کی تکمیل کی رہنمائی شامل ہے۔ بعض رضاکارانہ تنظیمیں بھی حج ہاؤز میں اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔