ا17 پریل کو ریاست کے عازمین حج کی قرعہ اندازی ، عازمین کو مایوسی کا سامنا ممکن
حیدرآباد۔/11اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2014 کیلئے آندھرا پردیش کے کوٹہ میں بڑے پیمانے پر تخفیف کا اندیشہ ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ مجموعی طور پر 94ہزار کے کوٹہ سے ملک کی تمام ریاستوں کیلئے کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش کیلئے عبوری طور پر 5380 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہندوستان کے مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 20ہزار میں سے 94ہزار حج کمیٹی کیلئے مختص کئے گئے جبکہ مابقی کوٹہ میں سے وی آئی پیز اور خانگی ٹور آپریٹرس کو الاٹ کیا جائے گا۔ گزشتہ سال خانگی ٹور آپریٹرس کو 14ہزار عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا جبکہ جاریہ سال 34ہزار الاٹ کئے جانے کی امید ہے۔ ریاست کیلئے گزشتہ کے مقابلہ میں تقریباً ایک ہزار سے زائد عازمین کے کوٹہ میں کمی ہوگی۔ عبوری طور پر منظورہ 5380 کے کوٹہ میں 3900 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا جبکہ 1472 عازمین محفوظ زمرے کے تحت قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کرلئے جائیں گے۔ ریاستی حج کمیٹی کو حج 2014کیلئے مجموعی طور پر18080 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں 16608 فریش درخواستیں ہیں۔ سنٹرل حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ 17اپریل کو آندھرا پردیش کے عازمین حج کی قرعہ اندازی مقرر کی گئی ہے۔ ملک بھر میں قرعہ اندازی کی تکمیل کے بعد آندھرا پردیش کیلئے مزید کوٹہ الاٹ کرنے کا امکان ہے۔ توقع ہے کہ مزید 300 عازمین کی گنجائش فراہم کی جائے گی۔ حج کمیٹی کو موصولہ درخواستوں میں سب سے زیادہ حیدرآباد سے ہیں جن کی تعداد 9740 ہے جبکہ سریکاکلم سے سب سے کم 5 درخواستیں وصول ہوئیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال آندھرا پردیش سے جملہ 7337 افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔ جاریہ سال کوٹہ میں کمی کے باعث کئی عازمین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔