عنقریب کارروائی مکمل ، لائبریری کو مزید کتب کے ساتھ عصری بنانے پر غور خوض
حیدرآباد۔ 29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج ہاؤز میں واقع احمد شریف لائبریری کے تحفظ اور اسے باقاعدہ لائبریری کی شکل دینے کیلئے وقف بورڈ اسے اردو اکیڈیمی کے کنٹرول میں دینے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس سلسلہ میں بہت جلد کارروائی کی تکمیل کی جائے گی۔ حج ہاؤز جس اراضی پر تعمیر کیا گیا، وہ سابق میں رزاق منزل تھی جس کے منشاء وقف میں لائبریری شامل ہے، حج ہاؤز کی تعمیر کے بعد عمارت کے ایک حصہ میں منشاء وقف کی تکمیل کرتے ہوئے احمد شریف لائبریری قائم کردی گئی لیکن لائبریری پر حکام کی کوئی توجہ نہیں ہے۔ لائبریری میں موجود نادر و نایاب کتابوں کو شلف میں مقفل کردیا گیا ہے اور کسی کو ان کے مطالعہ کی اجازت نہیں۔ قیمتی کتابوں کے تحفظ پر توجہ نہ دیئے جانے کے سبب یہ کتابیں دیمک کی غذا بن رہی ہیں۔ منشاء وقف کی تکمیل کے نام پر حج ہاؤز کی عمارت میں برائے نام لائبریری قائم کردی گئی لیکن وہاں چند اخبارات کے سوا کچھ نہیں۔ لائبریری پہنچ کر مطالعہ کرنے والوں کی تعداد بھی برائے نام ہے۔ لائبریری اور اس میں موجود کتابوں کے تحفظ کے سلسلہ میں وقف بورڈ حکام کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہاں ایک اٹینڈر کو متعین کردیا گیا جو اپنی مرضی سے لائبریری کی کشادگی اور بند کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ لائبریری میں اردو کے 2 ، تلگو 2 اور انگریزی کا ایک اخبار آتا ہے۔ اس کے علاوہ کوئی دوسرے اخبارات اور رسائل موجود نہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ احمد شریف مرحوم نے اپنے کتابوں کے ذخیرہ کو وقف کیا ہے، اس میں کئی ایسی کتابیں ہیں جو ریسرچ اسکالرس کیلئے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں۔ لائبریری کی زبوں حالی کے بارے میں سیاست میں رپورٹ کی اشاعت کے بعد اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر نے نہ صرف لائبریری کا معائنہ کیا بلکہ اسے عصری لائبریری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاکہ منشاء وقف کی تکمیل کے ساتھ ساتھ قیمتی کتابوں سے عوام کو استفادہ کا موقع حاصل ہو۔ چونکہ وقف بورڈ میں لائبریری چلانے کا تجربہ رکھنے والوں کی کمی ہے لہذا انہوں نے اسے اردو اکیڈیمی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور سے بات چیت کی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اکیڈیمی اس لائبریری کو مزید کتابوں کے ساتھ ایک مکمل اور عصری لائبریری میں تبدیل کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر اور دیگر سہولتوں کے ساتھ لائبریرین اور دیگر اسٹاف کا تقرر کرتے ہوئے لائبریری کے مواد کو آن لائین کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ اس سلسلہ میں وقف بورڈ کو چاہئے کہ وہ اپنے فیصلہ سے تحریری طور پر اردو اکیڈیمی کو واقف کرائیں۔ بتایا گیا ہے کہ اسپیشل آفیسر کی جانب سے بہت جلد مکتوب اردو اکیڈیمی کو روانہ کیا جائے گا اور لائبریری کا کنٹرول حاصل کرنے کی درخواست کی جائے گی۔