کور نمبر کے مطابق ٹیکے لگانے کا فیصلہ ، مقدس سفر کے لیے مختلف سہولتوں کی فراہمی
حیدرآباد۔/2ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے زیر اہتمام تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے منتخب عازمین حج کیلئے تین روزہ ٹیکہ اندازی کیمپ کا آج حج ہاوز میں آغاز ہوا۔کیمپ کے پہلے دن 910 عازمین حج نے ٹیکے حاصل کئے جبکہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تقریباً 1100 عازمین حج کو استفادہ کرنا تھا۔ جو عازمین آج سہولت سے استفادہ نہ کرسکے وہ باقی دو دنوں میں ٹیکہ لے سکتے ہیں۔ ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود و اسپیشل آفیسر وقف بورڈ، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ حج کمیٹی نے اس تین روزہ ٹیکہ اندازی کیمپ میں کور نمبر کے لحاظ سے عازمین حج کو ٹیکے لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مقررہ تین دن میں تمام عازمین حج سہولت کے ساتھ استفادہ کرسکیں۔ جناب جلال الدین اکبر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے مخاطب کرتے ہوئے منتخب عازمین حج کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ حج کے مقدس سفر پر روانگی سے قبل عازمین حج کو کئی مراحل سے گذرنا پڑتا ہے اور ٹیکہ اندازی کے مرحلہ کے بعد عازمین سفر کے آخری مرحلوں میں داخل ہورہے ہیں۔ انہوں نے ٹیکہ اندازی کی اہمیت اور افادیت سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ یہ عازمین حج کیلئے ضروری ہے جس کے ذریعہ وہ مختلف امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج کے آسان سفر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سفر حج کو آسان اور قبول فرمائے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پہلے دن کور نمبر ایک تا2500کے عازمین کی ٹیکہ اندازی مقرر ہے جبکہ 3ستمبر کو کور نمبر 2501 تا 5000 تک کے عازمین اور تیسرے دن جمعرات کو کور نمبر 5001تا 7150 تک کے عازمین کی ٹیکہ اندازی ہوگی۔ صبح 10تا شام 4بجے تک حج ہاوز میں یہ کیمپ جاری رہے گا۔ انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے مقررہ وقت پر استفادہ کریں۔ انسٹی ٹیوٹ آف پریونٹیو میڈیسن کی جانب سے یہ ٹیکے فراہم کئے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر کی جانب سے عازمین حج کو پولیو ڈراپس پلائے جارہے ہیں۔ 70سال سے زائد اور 5سال سے کم عمر کے عازمین کو انفلوائنزا کا ٹیکہ دیا جارہا ہے۔ عازمین حج سے خواہش کی گئی کہ وہ HATکارڈ اپنے ساتھ رکھیں تاکہ اس پر ٹیکہ اندازی کا اندراج کیا جاسکے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایاکہ اضلاع میں بھی عازمین کی سہولت کیلئے متعلقہ حج سوسائٹیز کے تعاون سے ٹیکہ اندازی کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں۔ اضلاع کیلئے ویاکسن روانہ کردی گئی ہے اور بہت جلد اضلاع میں بھی کیمپس کا آغاز ہوگا۔انہوں نے حج کیمپ کی تیاریوں اور عازمین حج کیلئے مختلف سہولتوں کی فراہمی کی تفصیلات سے بھی واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ بہتر سہولتوں کے ساتھ حج کیمپ کے انعقاد کا منصوبہ ہے۔