حیدرآباد۔/4ستمبر، ( سیاست نیوز) حج ہاوز میں اب پان اور گٹکھا کھانے والوں کی خیر نہیں۔ انہیں اپنے ساتھ 500روپئے رکھنے ہوں گے جو حکام بطور چالان وصول کرسکتے ہیں۔ حج ہاوز میں جگہ جگہ گندگی اور پان کے تھوک کے باعث دیواروں کی خرابی کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ دنوں اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جلال الدین اکبر نے عمارت کی 11منزلوں کا دو مرتبہ دورہ کیا اور ہر کونے اور گوشے کا معائنہ کیا۔ اس دورہ کے دوران انہوں نے محسوس کیا کہ عمارت کے ہر کونے میں گندگی ہے جس کے باعث وہاں سے گزرنا مشکل ہوچکا ہے۔حج ہاوزمیں موجود سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر کے ملازمین اور مسائل کے حل کیلئے پہنچنے والے افراد میں شعور بیدار کرنے کی سابق میں بھی کوشش کی گئی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا لہذا سخت گیر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حج ہاوز کی عمارت میں دیواروں پر تھوکنا اب قابل جرمانہ ہوجائے گا اور ہر شخص کیلئے 500روپئے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسپیشل آفیسر نے اس سلسلہ میں تمام ملازمین میں سرکولر جاری کرنے کی ہدایت دی تاکہ وہ پان اور گٹکھے کو دیواروں پر تھوکنے سے باز آجائیں۔ اس کے علاوہ حج ہاوز کے باب الداخلہ اور سیڑھیوں کے پاس ہر فلور پر بورڈ آویزاں کئے جائیں گے جس میں 500روپئے جرمانہ کا انتباہ درج ہوگا۔ حج کمیٹی کے مینٹننس سے متعلق عملہ ان افراد کی نشاندہی کرے گا جو اس جرم میں ملوث ہیں اور انہیں روک کر باقاعدہ چالان کیا جائے گا۔ سی سی ٹی وی کیمروں اور مینٹننس کے عملے کی مدد سے اس طرح کے افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس فیصلہ سے حج ہاوز میں صحت و صفائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی ساتھ حج ہاوز کا تقدس بھی برقرار رہے گا۔ حکام کو امید ہے کہ اس اقدام سے ملازمین کو پان اور گٹکھا کھانے کی عادت سے نجات حاصل ہوگی۔