ٹوکن ساتھ لانا ضروری : اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے آج سے عازمین حج میں سوٹ کیسوں کی تقسیم کا عمل شروع ہوا ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے تقسیم کے پروگرام کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی عازمین کو تمام تر سہولتیں پہنچائے گی ۔ ابھی ویکسی نیشن پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچا اور شہرحیدرآباد و تمام اضلاع میں عازمین کی ٹیکہ اندازی عمل میں آئی ۔ اسی طرح اب وی آئی پی کمپنی نے سوٹ کیسوں کی تقسیم کا کام شروع کیا ہے اور توقع ہے کہ یہ مرحلہ بھی خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر عازم حج کو دو سوٹ کیس سربراہ کئے جارہے ہیں جو اسٹنڈرڈ سائز کے ہیں ۔ جن عازمین کے پاس ٹوکن موجود ہیں صرف ان کو ہی سوٹ کیس دئیے جائیں گے ۔ جن عازمین کو ٹوکن وصول نہیں ہوا ان کو ٹوکن جاری کرنے کے لیے مرکزی حج کمیٹی سے نمائندگی کی گئی ہے ، جیسے ہی ان کو ٹوکن جاری کئے جائیں گے ۔ ان کو سوٹ کیس فراہم کردئیے جائیں گے ۔ کل جمعرات اور پرسوں جمعہ کو بھی سوٹ کیس کی تقسیم کا کام جاری رہے گا ۔ آج اگرچہ صرف 500 عازمین کو سوٹ کیس سربراہ کرنے کا پروگرام تھا لیکن اس کے باوجود 800 عازمین کو سربراہی عمل میں آئی ۔ اور باقی عازمین میں آئندہ دو دن میں یہ کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ کل نظام آباد سے تقسیم کا کام شروع ہوا ۔ آج نرمل ضلع عادل آباد میں ضلع عادل آباد کے عازمین کو سوٹ کیس فراہم کئے گئے ۔ کل 6 اگست کو ورنگل میں ، 8 اگست کو ضلع میدک میں اور 9 اگست کو ضلع نلگنڈہ اور ضلع محبوب نگر میں سوٹ کیس تقسیم کئے جائیں گے ۔ حج ہاوز میں عازمین حج میں کور نمبر کے لحاظ سے تقسیم کی جائے گی ۔۔