پروفیسر ایس اے شکور کے ہاتھوں پرچم کشائی کے بعد تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : 66 ویں یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر حج ہاوز نامپلی میں واقع تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی ، ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اور تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفاتر پر پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر / سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے جو نائب صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن و اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی بھی ہیں پرچم کشائی انجام دی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے تقریبا ڈھائی برس بعد 26 جنوری 1950 کو اس ملک کے آئین کے نفاذ کا اعلان کیا گیا اور اس ملک کو جمہوری ملک بنایا گیا جہاں ہر طبقہ ، ہر ذات اور ہر مذہب کے ماننے والوں کو آزادی دی گئی اور انہیں ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے قواعد و قانون بنائے گئے اور انہیں قابل عمل بنایا گیا ۔ تعلیم و معیشت ، تجارت و صنعت کو ان قوانین میں اہمیت دی گئی ۔ اقلیتوں اور پچھڑے ہوئے طبقات کے لیے قوانین نافذ کئے گئے ۔ مختلف طبقات میں برابری کے لیے دستوری تحفظات دئیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کو ہم آزاد ہندوستان میں آئین کے نفاذ اور جمہوریت کے دن کی حیثیت سے مناتے ہیں ۔ آئین میں اقلیتوں کو اپنے تعلیمی ادارے قائم کرنے ، ان کی زبان و ادب کی ترقی و ترویج کے لیے حقوق دئیے گئے ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ آئین میں دئیے گئے حقوق کا صحیح استعمال کریں اور تعلیم کو عام کریں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے عوام ا لناس کو آزاد ہندوستان کے 66 ویں یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی ۔ حج ہاوز میں ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی تقریب پرچم کشائی کے موقع پر جناب محمد ولایت حسین جنرل مینجر ، جناب ایم اے باری اسسٹنٹ جنرل مینجر ، محمد باسط محی الدین مینجر ، جناب شیخ عابد علی ریجنل آفیسرس ، جناب محمد اکرم علی ایکزیکٹیو ڈائرکٹرس اور دیگر ارکان عملہ ، اردو اکیڈیمی کی تقریب پرچم کشائی میں جناب شیخ جعفر ، جناب عطا اللہ خاں ، محمد ارشد مبین زبیری ، شیخ اسمعیل ، محمد سمیع الدین ، وجاہت النساء ، احمد بن اسحاق اور ڈاکٹر احتشام الدین خرم ، محمد جنید اللہ بیگ ، رجب علی پاشاہ ، اطہر خان ، محمد انور علی خاں ، محمد اسمعیل ، جاوید ، عبدالذاکر ، محمد رفیع ، یوسف خاں ، اختر حسین ، ذاکر حسین ، محمد فضل الرحمن ، محمد ابراہیم ، شیخ احمد و دیگر ارکان عملہ اور تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی تقریب میں جناب عرفان شریف ، محمد یوسف ، محمد نور ، کے مہیش ، کبیر و دیگر ارکان عملہ موجود تھے ۔۔