حج ہاوز میں آتش فرو آلات کی تنصیب ، الارم سسٹم اور واٹر پائپ لائن کی درستگی

وقف بورڈ کی مینٹننس ٹیم دن رات چوکس ، سی ای او وقف بورڈ محمد اسد اللہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) وقف بورڈ کی جانب سے حج ہاؤز کی عمارت کو فائر سیفٹی آلات سے لیس کرنے کیلئے اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ تمام فلورس پر آتش فرو آلات نصب کئے گئے ۔ اس کے علاوہ الارم سسٹم اور واٹر پائپ لائین کو بھی درست کردیا گیا ہے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے بتایا کہ حج کیمپ کو پیش نظر رکھتے ہوئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے گئے جس پر 10 لاکھ روپئے سے زائد کا خرچ ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فائر سرویس حکام نے عمارت میں فائر سیفٹی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا ، جس کے بعد وقف بورڈ نے الارم سسٹم کو درست کیا اور واٹر پائپ لائین کو عمارت کی 11 ویں منزل تک متحرک کردیا گیا ۔ کسی بھی ناگہانی کی صورت میں پانی 11 ویں منزل تک بآسانی پہنچ سکتا ہے۔ 56 آتش فرو آلات نصب کئے گئے ہیں، جو انتہائی عصری نوعیت کے ہیں جن کے ذریعہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ سے بھی بآسانی نمٹا جاسکتا ہے ۔ محمد اسداللہ کے مطابق فائر سیفٹی انتظامات پر فائر سرویس حکام نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ تاہم دھوئیں کی پہچان سے متعلق ڈیٹیکٹر نصب کرنے کا کام باقی ہے جس پر 75 لاکھ روپئے کا خرچ آسکتا ہے۔ اس کام کی تکمیل کے بعد ہی فائر سرویس کی جانب سے این او سی جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی چیف منسٹر کی مداخلت پر فائر سرویس نے ایک لاکھ روپئے جرمانہ وصول نہیں کیا ہے۔ محمد اسد اللہ کے مطابق حج کیمپ کیلئے عمارت کی تزئین نو اور وضو خانوں کی تعمیر اور عمارت کے ایک حصہ کو کلر کرنے کا کام انجام دیا گیا۔ عمارت کو مکمل طورپر کلر کرنے کیلئے ٹنڈر طلب کیا گیا ہے جس پر 70 لاکھ روپئے کا خرچ آئے گا۔ عمارت سے متصل زیر تعمیر کامپلکس میں بھی ٹرانسفارمرس اور الیکٹریکل بلبس کی تنصیب کا کام انجام دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عمارت کے سیلر میں موجود گندگی دور کردی گئی اور تمام پائپ لائینس تبدیل کردئے گئے جن میں لکیج تھا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے بتایا کہ وضو خانوں کی پائپ لائین بھی مکمل طور پر تبدیل کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ کے اختتام تک وقف بورڈ کی مینٹننس ٹیم دن رات چوکسی برقرار رکھے گی۔