حج ہاؤز میں برقی ٹرانسفارمر کی تنصیب اور لفٹ درست کروانے کا فیصلہ

سیاست میں نیوز کی اشاعت کے بعد چیرمین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کی فوری توجہ
حیدرآباد۔/29اپریل، ( سیاست نیوز) حج ہاوز کی عمارت کے ناقص مینٹننس اور عوامی تکالیف کے بارے میں روز نامہ ’سیاست‘ میں رپورٹ کی اشاعت کے بعد صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لفٹ کی درستگی کیلئے ایک لاکھ 80 ہزار روپئے کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ برقی سربراہی میں کسی بھی رکاوٹ پر قابو پانے کیلئے زائد ٹرانسفارمر حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ حج ہاوز کے ایک حصہ میں گزشتہ دو ماہ سے لفٹ بند ہے جس کے باعث مختلف اقلیتی اداروں کے ملازمین، عہدیداروں اور مسائل کے حل کیلئے پہنچنے والے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عمارت کے مینٹننس سے متعلق افراد کی لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہوئی اور اس بارے میں وقف بورڈ صدر نشین کو بروقت اطلاع نہیں دی گئی۔ گزشتہ دنوں ٹرانسفارمر کے جل جانے اور ایک دن تک برقی سربراہی کی مسدودی کے بعد یہ معاملہ منظرعام پر آیا۔ ’سیاست‘ کی جانب سے رپورٹ کی اشاعت کے فوری بعد صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں۔ انہیں بتایا گیا کہ درستگی کیلئے ایک لاکھ 80 ہزار روپئے درکار ہیں۔ محمد سلیم نے کوٹیشن طلب کرتے ہوئے درکار رقم کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ زائد ٹرانسفارمر حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ ایک ٹرانسفارمر پر زائد لوڈ کو کم کیا جاسکے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ فائیر سیفٹی کے سلسلہ میں تمام اقدامات کئے جائیں گے اور ماہر ادارہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ حج ہاوز کی کلرنگ کا کام بھی شروع ہوچکا ہے۔ حج ہاوز کی تعمیر کے بعد سے 16 برسوں میں ایک بار بھی کلرنگ کا کام نہیں کیا گیا۔ یہ محض اتفاق ہے کہ 2001 میں جس وقت محمد سلیم صدرنشین تھے عمارت کی آہک پاشی کی گئی تھی اور اب ان کی صدارت میں ہی دوسری مرتبہ کلرنگ کا کام انجام دیا جارہا ہے۔