حج گروپ آرگنائزرس کے سالانہ مجموعی کاروبار میں پانچ گنا اضافہ کے فیصلہ پر نظرثانی کی اپیل

حیدرآباد ۔ 29 ڈسمبر (پریس نوٹ) آل انڈیا حج و عمرہ ٹور آرگنائزر اسوسی ایشن نے مرکزی وزارت اقلیتی امور (حج ڈیویژن) سے اپیل کی ہیکہ وہ حج گروپ آرگنائزرس کے سالانہ ٹرن اوور میں اضافہ سے متعلق احکامات پر نظرثانی کریں۔ اسوسی ایشن نے سکریٹری حج ڈیویژن مرکزی وزارت اقلیتی امور کے نام ایک عرضداشت میں بتایا کہ حج آرگنائزرس کیلئے سالانہ ٹرن اوور کی حد ایک کروڑ تھی جسے حج 2019ء کیلئے 5 کروڑ کردیا گیا ہے جو پانچ گنا زیادہ ہے۔ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کیلئے ٹرن اوور میں سال واری اضافہ کیا جانا چاہئے تاکہ 2019-2023 کی پالیسی سے ہم آہنگ ہوسکیں۔ سپریم کورٹ نے 2012ء میں سالانہ ٹرن اوور کی حد ایک کروڑ روپئے مقرر کی تھی۔ حج گروپ آرگنائزرس نے ہر سال اس ٹرن اوور میں اضافہ کیا ہے۔ 2019ء کیلئے وہ تین کروڑ ٹرن اوور بنا سکتے ہیں۔ اسوسی ایشن نے اپیل کی کہ حج پالیسی ایسی بنائی جائے جو حج گروپ آرگنائزرس کے تمام زمرہ جات کیلئے قابل عمل ہو۔ بصورت دیگر اسوسی ایشن اس پالیسی کے خلاف عدالت سے رجوع ہوسکتی ہے۔