’’کیا چندرابابو کے پاس رمضان المبارک اب شروع ہوا ہے؟‘‘
حج کے موقع پر ماہ صیام کی مبارکباد
چیف منسٹر آندھراپردیش کے دفتر کی دلچسپ لغزش
حیدرآباد 16 ستمبر (آئی این این) یہ بات بڑی عجیب معلوم ہوتی ہے لیکن ایک حقیقت بھی ہے کہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کے لئے آج سے ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال 29 جون سے رمضان المبارک کا آغاز ہوا تھا اور 29 جولائی کو عیدالفطر منائی گئی تھی۔ لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ چیف منسٹر کے دفتر کو چند عہدیداروں نے کم علمی یا لاعلمی کے سبب یہ باور کروادیا کہ رمضان المبارک کا منگل سے آغاز ہوا ہے یا چہارشنبہ سے آغاز ہورہا ہے۔ چنانچہ چیف منسٹر کے دفتر کے شعبہ تشہیر نے ٹیلی ویژن چیانلس کو پیغام مبارکباد روانہ کردیا جس میں کہا گیا کہ ’’آندھراپردیش کے چیف منسٹر نارا چندرابابو نائیڈو نے ماہ مقدس رمضان المبارک کے آغاز پر مسلم بھائیوں کو مبارکباد دی ہے۔ اس پیغام کی دوپہر 12.30 بجے کے بعد کافی دیر تک چند تلگو ٹی وی چیانلس پر اسکرولنگ کی جاتی رہی۔ باور کیا جاتا ہے کہ مسٹر چندرابابو نائیڈو غالباً فریضۂ حج بیت اللہ ادا کرنے کیلئے روانہ ہونے والے عازمین کو مبارکباد دینا چاہتے تھے تاہم ان کے دفتر سے وابستہ عہدیدار عازمین حج کو مبارکباد دینے کے بجائے رمضان المبارک پر مبارکباد سمجھ بیٹھے تھے۔