حج کے لیے اس سال ریکارڈ درخواستوں کی وصولی

18 مارچ کو قرعہ اندازی ، حیدرآباد سے جملہ 11258 درخواستیں
حیدرآباد۔/3مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2015 کیلئے 20857 درخواستیں تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے حج کمیٹی کو وصول ہوئی ہیں جن میں تلنگانہ سے 17002 اور آندھرا پردیش سے 3855 درخواستیں وصول ہوئیں۔ جاریہ سال حج کیلئے ریکارڈ تعداد میں درخواستیں وصول ہوئیں جبکہ گزشتہ سال کے مقابلہ 2000 زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے درخواستوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ سے فریش درخواستوں کی تعداد 15473 ہے جبکہ محفوظ زمرے میں 1529 درخواستیں داخل کی گئیں۔ 70سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرے میں 638 اور تین مرتبہ انتخاب سے محروم محفوظ زمرے میں 891 درخواستیں وصول ہوئیں اور ان تمام کا قرعہ اندازی کے بغیر ہی انتخاب عمل میں آئے گا۔ حیدرآباد شہر سے جملہ 11258 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں محفوظ زمرہ جات کی درخواستیں بھی شامل ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق آندھرا پردیش سے داخل کی گئی جملہ 3855 درخواستوں میں پہلے محفوظ زمرے کے تحت 155اور دوسرے کے تحت 54 اس طرح دونوں محفوظ زمروں کے تحت 209درخواستیں داخل ہوئی ہیں جن کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب ہوگا۔ 3646 درخواستیں پہلی مرتبہ داخل کی گئی ہیں۔ حج کمیٹی میں درخواستوں کے ادخال کی مدت ختم ہوچکی ہے اور توقع ہے کہ دونوں ریاستوں کیلئے قرعہ اندازی 18مارچ کو حیدرآباد میں ہوگی۔ درخواستوں کے ادخال کے رجحان کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ میں ہزاروں افراد کو انتخاب سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے کیونکہ متحدہ آندھرا پردیش میں حج کوٹہ 5380تھا اور ویٹنگ لسٹ میں منتخب عازمین کے ساتھ جملہ 6040 عازمین حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ حج کوٹہ کی تقسیم ریاستوں میں مسلم آبادی کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ 5380 کوٹہ میں تلنگانہ میں 55.6فیصد مسلم آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ 3300 ہونے کی امید ہے۔ اس میں محفوظ زمرہ کے منتخب عازمین 1529ہیں۔ اس طرح صرف 1500 عازمین کا انتخاب 15473 عازمین میں سے ہوگا جبکہ آندھرا پردیش میں مسابقت کم ہے۔ جاریہ سال سے سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے فی عازم دی جانے والی رقم کو 2100ریال سے گھٹا کر 1500ریال کردیا گیا ہے۔ قربانی کیلئے 400ریال اور مدینہ منورہ میں کھانے کے انتظام کیلئے 150ریال یہیں پر عازمین سے حاصل کرلئے جائیں گے۔