حج کے دوران ایرانی قونصل خانوں کے قیام سے سعودی عرب کا اتفاق

تہران 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) رواں سال حج کے دوران ایران کو سعودی عرب میں عارضی قونصل خانوں کے قیام کی اجازت دی جائے گی اگرچہ ان دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے خبررساں ادارہ اسنا سے کہاکہ ’’وزارتی قونصل حدمات کے چند عہدیدار حج کے دوران ایرانی عازمین کو خدمات کی فراہمی کے لئے جدہ، مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں تعینات کئے جائیں گے‘‘۔ ایرانیوں نے گزشتہ سال سکیورٹی اور دیگر وجوہات کی بناء پر فریضہ حج ادا نہیں کیا تھا لیکن اُنھیں ستمبر کے دوران حج میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنے کے لئے اس سال کے اوائل میں ایک سمجھوتہ ہوا تھا۔