حج کے خانگی ٹور آپریٹرس کو سرویس ٹیکس سے استثنیٰ کی مخالفت

مہاراشٹرا کے ٹور آپریٹرس کی اجارہ داری ختم کرنے پر زور ، پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ
نئی دہلی ۔ 3 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک پارلیمانی پیانل نے حج سے متعلق خانگی ٹور آپریٹرس کو سرویس ٹیکس سے استثنیٰ دیئے جانے پر سوال اُٹھایا ہے ۔ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سماجی انصاف و اختیارات نے اپنی 39 ویں رپورٹ میں حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس ( پی ٹی اوز ) پر ٹیکس کے نفاذ پر غور کیا جائے اور ان آپریٹرس کو اپنے سالانہ کاروبار کی تفصیلات کی فراہمی کا پابند بنایا جائے ۔ اس پیانل نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ ملک بھر کے مجموعی 484 پی ٹی اوز کے منجملہ 183 کا صرف مہاراشٹرا میں ہی رجسٹریشن کیوں کیا گیا ہے اور کہا کہ اس اقدام سے اس ریاست (مہاراشٹرا ) کے آپریٹرس کو برتری و بالادستی حاصل ہوگئی ہے ۔ دوسری طرف جھارکھنڈ میں صرف ایک پی ٹی او ہے جس کیلئے صرف 50 نشستوں کا کوٹہ ہے ۔ لوک سبھا کے رکن رمیش بیاس کی قیادت میں اس پیانل نے کہا ہے کہ ’’یہ (پارلیمانی ) کمیٹی یہ نہیں سمجھ سکی ہے کہ آیا ان پی ٹی اوز کو سرویس ٹیکس کی ادائیگی سے آخر کیوں استثنیٰ دیا گیا ہے ‘‘ ۔ پارلیمانی پیانل رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’یہ کمیٹی پی ٹی اوز پر سرویس ٹیکس کے نفاذ کی خواہشمند ہے اور اس پر ٹیکس اور دیگر قوانین کے تحت بالکل اسی طرح غور کیا جانا چاہئے جیسے دیگر ایجنسیوں ؍ اداروں اور ٹورآپریٹرس وغیرہ کے ساتھ کیا جاتا ہے ۔ اور ان سے بھی اپنے سالانہ کاروبار کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی جائے ‘‘ ۔ اس کمیٹی نے ’’مطالبات زر (2017-18) وزارت اقلیتی اُمور ‘‘ کے زیرعنوان اپنی رپورٹ گزشتہ ماہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کی تھی ۔ مہاراشٹرا میں کثیرتعداد میں پی ٹی اوز کے رجسٹریشن کے ضمن میں پیانل نے کہاکہ اس قسم کی ’اجارہ داری‘ سے حج درخواست گذاروں کو دشواری ہوگی کیونکہ اُنھیں اس ریاست کا سفر کرنا ہوگا ۔ اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے چھوٹی ریاستوں میں بھی ٹور آپریٹرس کے رجسٹریشن کئے جائیں ۔ رپورٹ نے کہا کہ ’’یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ کمیٹی یہ خواہش رکھتی ہے کہ اگر ضروری ہو تو پی ٹی اوز کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے ‘‘ ۔ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے گزشتہ سال 1.35 لاکھ عازمین حج ملک کے 21 مقامات سے جدہ سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جن کے منجملہ 99,903 عازمین حج کمیٹی آف انڈیا اور ماباقی پی ٹی اوز کے ذریعہ سفر کیا تھا ۔