ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی یکم اگست کوپہلے قافلہ کو حج ہاؤز اور ایر پورٹ سے وداع کریں گے
حیدرآباد 29جولائی ( پریس نوٹ ) حج 2018کے عازمین ححج کی روانگی کے لئے حج ہاؤز نامپلی میں کل بروز پیر سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا جس کے کے لئے تیاریوں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پہلی فلایٹ یکم اگست کو صبح 7:30 بجے حج ٹرمنل شمس آباد راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ سے تین سو حجاج کرام کوحالت احرام میں لے کر جدہ پرواز کرے گی۔ پہلی فلائٹ کے عازمین کل سے حج ہاؤز میں رپورٹنگ کرنا شروع کریں گے۔ اس سال حج کمیٹی نے عازمین کو آن لائن رپورٹ کرنے کی سہولت فراہم کی ہے ۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان‘اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکوراور ارکان حج کمیٹی حج ہاؤز میں آمد پر عازمین کا استقبال کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی یکم اگست کی اولین ساعتوں میں حج کیمپ سے عازمین حج کے پہلے قافلہ کو جھنڈی دکھا کر وداع کریں گے‘ جہاں سے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ یہ عازمین راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ کے حج ٹرمنل پہنچیں گے اور سعودی عربین ایر لائنز کے طیاروں کے ذریعہ جدہ پرواز کریں گے ‘ جدہ سے ان کی مکہ معظمہ روانگی عمل میں آئے گی۔ ہر فلائٹ میں 300عازمین سوار رہیں گے ‘ان کے ساتھ خادم الحجاج کو روانہ کیا جارہا ہے۔ صبح 7:30بجے جناب محمد محمود علی حج ٹرمنل پر طیارہ کو جھنڈی دکھائیں گے۔ اس موقعہ پر اعلیٰ عہدیدار اور دیگر شخصیتیں موجود رہیں گی۔ حج کیمپ کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے ہیں۔ موسم بارش کے پیش نظر خصوصی طور پر واٹر پروف شیڈ کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔ حج کیمپ میں عازمین کے قیام و طعام کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ محکمہ پولیس کی جانب سے سکیوریٹی بندوبست کیا گیا ہے۔ حج ہاؤز میں داخلہ صرف عازمین حج کے لئے رہے گا۔ عازمین کے عزیز و اقارب سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ حج کیمپ کے اندر آنے کی زحمت گوارا نہ کریں ۔ حج کیمپ میں عازمین کے لئے ہی امیگریشن‘ کسٹمس‘ لگیج چیک وغیرہ کا انتظام کیا گیا ‘ اور یہیں پران کو 2100ریال کی فارن کرنسی ادا کی جائے گی ‘اس سے ہٹ کر وہ اپنی خواہش کے مطابق مزید کرنسی بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ حج ہاؤز میں عازمین کو بورڈنگ پاس دے دیا جائے گا۔ رپورٹنگ کے وقت ہی ان کو سم کارڈ دیا جارہا ہے۔ حج ہاؤز میں طبی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اس سال یکم تا 15اگست تک جملہ 25فلائٹس کے ذریعہ جملہ 7,273 حجاج کرام فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔ جن میں ریاست تلنگانہ کے4,390 ‘ ریاست آندھرا پردیش کے 1726 اور ریاست کرناٹک کے چار اضَلاع کے 1161 حجاج کرام شامل ہیں۔یکم اگست سے 9اگست تک تلنگانہ کے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ اس کے بعد کرناٹک اور آندھرا پردیش کے عازمین روانہ ہوں گے۔ عازمین کی روانگی کے پیش نظر حج ہاؤز کو بقعہ نور بنادیا گیا ہے اور حج ہاؤز اور آس پاس کا علاقہ ایک جشن کا سماں پیش کررہا ہے۔