حج کیمپ 2017 کی تیاریاں زور و شور سے جاری

جی ایم آر سے ایکسرے مشینوں کی آمد ، الحاج محمد سلیم کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد۔4 اگست (سیاست نیوز) حج کیمپ 2017ء کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج حج کیمپ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ ایم اے منان فاروقی اور حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ہمراہ حج ہائوز کی عمارت میں قیام کی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عازمین کے قیام کے سلسلہ میں مختص کردہ کمروں کی صفائی کا کام فوری مکمل کیا جائے اور باتھ رومس و ٹائلٹس میں صفائی اور انتظامات کا خاص خیال رکھا جائے۔ عمارت کی تین منزلوں کے کمروں میں ٹائلٹس کی مرمت و درستگی کا کام مکمل ہوچکی ہے۔ محمد سلیم اور پروفیسر ایس اے شکور نے واٹر پروف ٹینٹ کی تنصیب کے علاوہ زیر تعلیم کامپلکس کی چار منزلوں میں کیئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم آر کمپنی کی جانب سے ایکسرے مشین حج ہائوز پہنچ چکی ہے اس کے علاوہ دیگر ضروری سامان جلد ہی منتقل کردیا جائے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عازمین حج کے قیام و طعام کے سلسلہ میں بورڈ کی جانب سے ممکنہ سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا اور کہا کہ کسی بھی شعبہ میں کمی کی کوئی شکایت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کی آہک پاشی اور کلرنگ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ کیمپ کے دوران تمام منزلوں اور خاص طور رپ رمسجد میں صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی سکیوریٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور پاسس کی اجرائی اور داخلے کے سلسلے میں مکمل احتیاط برتی جائے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی نے کیمپ کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ دو دنوں میں تمام ضروری کام مکمل کرلیئے جائیں گے۔ واٹر پروف شیڈ کی تنصیب کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ فیانس کی تنصیب اور برقی کے موثر انتظامات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران بلا وقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا اس کے لیے محکمہ برقی نے موبائل ٹرانسفارمرس کی فراہمی سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زیر تعلیم کامپلکس میں چار منزلوں کو استعمال میں لیا جارہا ہے۔ گرائونڈ فلور پر کھانے کا انتظام رہے گا جبکہ اوپری تین منزلوں میں رہائش کی گنجائش ہوگی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حج ٹرمنل کی تیاری کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 اگست کو ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی حج ہائوز کا دورہ کریں گے۔ جبکہ 10 اگست کو وہ حج ٹرمنل کا معائنہ کریں گے۔ حج کیمپ کا 11 اگست سے آغاز ہوگا اور 13 اگست سے حج پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ 24 اگست تک سعودی ایرلائنس کی 14 پروازوں کے ذریعہ تلنگانہ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ عازمین حج بحالت احرام جدہ روانہ ہوں گے۔ حج کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں آندھراپردیش حج کمیٹی سے معاہدہ کیا جارہا ہے جس کے تحت مکمل اخراجات میں تلنگانہ اور آندھراپردیش حج کمیٹیاں عازمین کی تعداد کے اعتبار سے اخراجات کو برداشت کریں گی۔