حج کیمپ کی تیاریاں اور عازمین کیلئے دیگر انتظامات اطمینان بخش

عمارات حج ہاؤز میں صاف صفائی کے ناقص انتظامات پر اظہارافسوس، الحاج محمد سلیم کا دورہ
حیدرآباد 6 ستمبر (سیاست نیوز)ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل جناب محمد سلیم نے آج حج ہاوز پہنچ کر حج کیمپ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حج ہاوز میں صفائی کے ناقص انتظامات عمارت کی آہک پاشی نہ کئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اندرون ایک ہفتہ صفائی کے کام مکمل کرلیں اس کے علاوہ عمارت کی آہک پاشی اور کلر کا کام بھی جنگی خطوط پر انجام دیا جائے۔ محمد سلیم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حج ہاوز کی تعمیر کے بعد سے آج تک 14 برسوں میں مکمل عمارت کی آہک پاشی نہیں کی گئی حالانکہ حکومت کی جانب سے ہر سال عمارت کے مینٹیننس کے لئے وقف بورڈ کو علحدہ فنڈ جاری کیا جاتا ہے۔ انہوں نے حج کیمپ کے علاقہ اور عمارت کے سیلر اور دیگر حصوں کا دورہ کرتے ہوئے ناقص انتظامات کے سلسلہ میں حکام کی توجہ مرکوز کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاوز گذشتہ 14 برسوں میں حکام کی لاپرواہی کے سبب کھنڈر میں تبدیل ہوچکا ہے اور مینٹیننس پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ اگر وقف بورڈ حج کیمپ کے آغاز سے قبل آہک پاشی کا کام مکمل کرنے سے قاصر ہو تو وہ اپنے ذاتی خرچ سے یہ کام انجام دیں گے ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناب محمد سلیم نے بتایا کہ وہ حج ہاوز کی ابتر صورتحال سے چیف منسٹر کو واقف کرائیں گے اور زائد بجٹ کی اجرائی کی سفارش کریں گے۔ حکومت کے نمائندے کی حیثیت سے انہوں نے حج ہاوز کے انتظامات کا جائزہ لینے یہ دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے حج کیمپ کی تیاریاں اور عازمین حج کیلئے دیگر انتظامات اطمینان بخش ہیں لیکن عمارت کے مینٹیننس کی ذمہ داری وقف بورڈ کی ہے اور وہ اس ذمہ داری کو نبھانے میں ناکام ہوا۔ انہوں نے عمارت کے کھلے حصہ، سیلر اور عازمین حج کے قیام سے متعلق منزلوں میں مکمل صفائی آہک پاشی اور باتھ رومس میں تمام سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ باتھ رومس ناقابل استعمال ہیں اور گندگی کے باعث عازمین حج کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان تمام امور کا خیال رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راو نے اسمبلی اور رمضان سے متعلق اعلی سطحی اجلاس میں حج کیمپ کے موثر انتظامات کا وعدہ کیا ہے اور حکومت عازمین حج کو کسی بھی تکلیف سے بچانے کا عہد کرچکی ہے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ 2004 تک وہ صدر نشین وقف بورڈ کے عہدہ پر فائز رہے اس وقت تک حج ہاوز کی عمارت میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا لیکن گذشتہ 10 برسوں میں کانگریس حکومت نے حج ہاوز کے مینٹیننس پر کوئی توجہ نہیں دی اور موجودہ صورتحال کیلئے کانگریس ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ماہ میں حج ہاوز کے تمام باتھ رومس 5 اسٹار طرز پر تعمیر کئے جائیں گے ۔انہوں نے حج کمیٹی کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ عازمین کے کھانے کے انتظام میں اس بات کا خیال رکھیں کہ صحت بخش غذا فراہم کی جائے اور غذا کی تیاری میں صفائی اور ستھرائی کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حج کیمپ کے آغاز سے قبل وہ پھر ایک مرتبہ حج ہاوز کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کی حج کیمپ کے سلسلہ میں مساعی کی ستائش کی اور کہا کہ ہر کام میں شفافیت کی برقراری خوش آئند ہے۔ اس دورہ کے موقع پر اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور، ایگزیکٹیو آفیسر ایم اے حمید اور ڈپٹی سکریٹری وقف بورڈ سلطان محی الدین اور دوسرے موجود تھے۔