کیمپ کا پروفیسر ایس اے شکور کے ساتھ جائزہ ‘ تساہلی پر کارروائی کا انتباہ : عمر جلیل
حیدرآباد۔7 اگست (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 10 اگست تک حج کیمپ مکمل طور پر تیار کرلیں۔ انہوں نے امکانی بارش کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کا مشورہ دیا۔ عمر جلیل نے آج شام اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے ہمراہ حج ہائوز کی عمارت اور دونوں حصوں میں قائم کئے جانے والے کیمپ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حج ہائوز کی تمام 11 منزلوں کا دورہ کیا اور ہر ایک کمرے میں جہاں عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کی جارہی ہے معائنہ کرتے ہوئے سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مزید چند کمرے عازمین حج کے قیام کے لیے خالی کرنے کی ہدایت دی۔ وقف بورڈ عہدیداروں کے ہمراہ اس دورے میں سکریٹری اقلیتی بہبود نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم کہا کہ 10 اگست تک تمام کام مکمل ہوجانے چاہئیں۔ حج ہائوز میں آج صبح سے بار بار شارٹ سرکٹ کے سبب لفٹ غیرکارکرد ہورہے تھے۔ عمر جلیل نے مینٹننس کی ٹیم کو ہدایت دی کہ کیمپ کے دوران اس طرح کی کوئی غلطی نہ ہونے پائے اور کسی بھی تساہل کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ حج کیمپ کے دوران تمام چاروں لفٹ کام کرنے چاہئیں اس کے علاوہ ہر منزل پر عازمین حج کی رہنمائی کے لیے اسٹاف کو متعین کیا جائے۔ انہوں نے حج کیمپ کا معائنہ کرتے ہوئے عہدیداروں سے کہا کہ بارش سے بچائو کے لیے کیمپ کے اطراف بھی واٹر پروف شیڈس کو توسیع دی جائے۔ انہوں نے زیر تعمیر کامپلکس میں چار منزلوں میں رہائشی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف حج ہائوز بلکہ حج ٹرمینل میں بھی موثر انتظامات کئے جائیں۔ اسی دوران آندھراپردیش کے پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود کے ساتھ تلنگانہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں دونوں کمیٹیوں کے درمیان معاہدے کو قطعیت دی جائے گی۔ حج انتظامات کے سلسلہ میں دونوں کمیٹیاں معاہدہ کریں گی اور عازمین کی تعداد کے اعتبار سے اخراجات میں حصہ داری رہے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی 11 اگست کو حج ہائوز کا دورہ کرتے ہوئے کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔