حج کیمپ کا 12 ستمبر سے آغاز

14 ستمبر سے پروازیں، ویٹنگ لسٹ کے مزید عازمین حج کی منظوری متوقع
حیدرآباد۔/9ستمبر، ( سیاست نیوز) حج 2014 کے ریاستی حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے تقریباً تمام عازمین حج کا انفرادی شیڈول سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ویٹنگ لسٹ کے 714 عازمین حج کے سفر کو بھی منظوری حاصل ہوگئی ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ میں ویٹنگ لسٹ کے مزید عازمین حج کے ناموں کی منظوری عمل میں آئے گی۔ دیگر ریاستوں کے عازمین کے سفر حج منسوخ کئے جانے پر ویٹنگ لسٹ کے اعتبار سے عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ حج کیمپ کا 12ستمبر سے آغاز ہوگا جبکہ پروازیں 14ستمبر سے شروع ہوں گی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ حج کیمپ کے انتظامات اور عازمین حج کے زائد کوٹہ کی منظوری جیسے اُمور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ سے سعودی ایر لائنس کی تمام پروازیں جدہ کیلئے روانہ ہوں گی جبکہ حجاج کرام کی واپسی مدینہ منورہ سے ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 6126 عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے جن میں دونوں ریاستوں کے جملہ 5379عازمین حج کمیٹی کے کوٹہ کے تحت شامل ہیں جبکہ ویٹنگ لسٹ کے تحت 714 اور محرم زمرے اور حکومت ہند کے کوٹہ کے تحت 33 عازمین کے سفر کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین کیلئے علحدہ علحدہ شیڈول کو قطعیت دی گئی اور پہلے مرحلہ میں تلنگانہ کے عازمین حج پرواز کریں گے جن کی تعداد 3842 ہے۔ جبکہ دوسرے مرحلہ میں آندھرا پردیش کے 1373 عازمین پرواز کریں گے۔ اننت پور کے 240اور چتور کے 183عازمین بنگلور سے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی کے مشورہ پر ابھی تک ویٹنگ لسٹ کے 1000 عازمین سے پاسپورٹس طلب کئے گئے ہیں تاکہ زائد کوٹہ کی آمد کی صورت میں ان کی روانگی کا انتظام کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ویٹنگ لسٹ کے اعتبار سے عازمین کا انتخاب ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کے انفرادی شیڈول کی اجرائی کے بعد عازمین سفر کی تیاریوں میں مصروف ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ کے 22اور آندھرا پردیش کے 12عازمین کا شیڈول ابھی جاری نہیں کیا گیا۔ توقع ہے کہ کل تک سنٹرل حج کمیٹی ان کے سفر کے پروگرام کو جاری کردے گی۔ اسی دوران شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حج ٹرمنل میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی جمعہ کی شام اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایر پورٹ کا دورہ کریں گے۔ حکومت حج کیمپ اور حج ٹرمنل میں نقائص سے پاک انتظامات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ تلنگانہ کے 10اضلاع سے روانہ ہونے والے عازمین کی تعداد اس طرح ہے: عادل آباد (156) حیدرآباد(2072) کریم نگر (153) کھمم (92) محبوب نگر(259) میدک (235) نلگنڈہ (146) نظام آباد(293) رنگاریڈی (304) اور ورنگل (132)۔ آندھرا پردیش کے 13 اضلاع میں اننت پور اور چتور کے 240عازمین بنگلور سے روانہ ہوں گے جبکہ دیگر اضلاع سے مشرقی گوداوری (46) گنٹور(266) کڑپہ (235) کرشنا (153) کرنول (372) نیلور (113) پرکاشم (97) وشاکھاپٹنم (38) مغربی گوداوری (42) وجیانگرم (8) اور سریکاکلم (3) شامل ہیں۔