20اکٹوبر کو ایر پورٹ پر حج ٹرمنل کا قیام: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔/28ستمبر، ( سیاست نیوز) حج سیزن 2014 کیلئے ریاستی حج کمیٹی کے کیمپ کا آج اختتام عمل میں آیا۔ نامپلی حج ہاوز میں12ستمبر سے شروع ہوا کیمپ آج شام اختتام کو پہنچا۔ سعودی ایر لائنس کی خصوصی پروازوں کا 14ستمبر کو آغاز ہوا تھا اور آج آخری دو قافلوں کی روانگی کے ذریعہ جملہ 18فلائیٹس جدہ روانہ ہوگئیں۔ حج ہاوز نامپلی میں جہاں حج کیمپ کے دوران روحانی مناظر دیکھے جارہے تھے اب کیمپ کے اختتام کے بعد دوبارہ معمول کی سرگرمیاں بحال ہوجائیں گی۔ عازمین حج کی خدمت میں مصروف مختلف تنظیموں اور اداروں کے والینٹرس اور حج کمیٹی کے حکام اگرچہ کیمپ کے اختتام سے مطمئن تھے تاہم انہیں عازمین کی روانگی کے وقت روزانہ کے روحانی و نورانی مناظر سے محرومی کا افسوس بھی ہے۔ آخری قافلہ کی روانگی کے بعد اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کیمپ کے انتظامات میں مصروف تمام اداروں اور رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے والینٹرس سے ملاقات کرتے ہوئے فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے متحدہ آندھرا پردیش کیلئے 5380 کا کوٹہ مقرر کیا تھا جن میں محفوظ زمرہ کے تحت 1576 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا۔ جبکہ 3903کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا گیا۔ سرکاری کوٹہ کے تحت 33اور ویٹنگ لسٹ کے 980 عازمین حج کے سفر کو منظوری حاصل ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ602عازمین نے مختلف وجوہات کی بناء اپنا سفر منسوخ کردیا۔ اس طرح تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے جملہ5790 عازمین حج کیمپ سے روانہ ہوئے جن میں تلنگانہ کے3948اور آندھرا پردیش کے 1376 عازمین شامل ہیں۔ کرناٹک کے بعض شہروں کے 739 عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوئے اس طرح حیدرآباد ایر پورٹ سے جملہ 6043 عازمین نے سعودی ایر لائنز کے ذریعہ پرواز کی۔اننت پور اور چتور کے 413 عازمین بنگلور سے روانہ ہوئے۔حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین میں 3147 مرد اور 2896 خواتین کے علاوہ 6بچے شامل ہیں۔2089 عازمین گرین زمرہ کے تحت قیام کریں گے جبکہ 3952 عزیزیہ زمرہ کے تحت رہیں گے۔ عازمین کی روانگی کی تکمیل کے ساتھ ہی اگرچہ حج ہاوز میں قائم کئے گئے کیمپ کا اختتام عمل میں آیا تاہم شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر قائم کیا گیا عارضی حج ٹرمنل دوبارہ 20اکٹوبر سے کام کرنا شروع کردے گا۔ حجاج کرام کی واپسی کا 20اکٹوبر سے آغاز ہوگا اور 18قافلوں میں حجاج کرام مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ حجاج کرام کا آخری قافلہ 3نومبر کو واپس ہوگا۔