حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) حج کیمپ میں عازمین حج کی موثر انداز میں خدمت کیلئے حکومت سعودی عرب کی طرح تلنگانہ حج کمیٹی نے والینٹرس کو خصوصی جیاکٹس فراہم کئے ہیں ، تاکہ بآسانی ان کی شناخت ہوسکے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق 258 والینٹرس حج کیمپ میں رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان میں سے 50 والینٹرس کا انتخاب کیا گیا اور انہیں سبز رنگ کے جیاکٹس فراہم کئے گئے ۔ سعودی عرب میں حج کے موقع پر والینٹرس کو اسی طرح کے جیاکٹس فراہم کئے جاتے ہیں۔ حج کیمپ کے والینٹرس کی شناخت کیلئے یہ جیاکٹس کار آمد ثابت ہوئے ہیں جس پر تلنگانہ حج کمیٹی تحریر ہے ۔ ان والینٹرس کو عازمین حج کے اہم مقامات پر متعین کیا گیا ہے ۔ عازمین حج اور عوامی نمائندوں نے اس منفرد اقدام کی ستائش کی۔