حج کیمپ انتظامات میں مجرمانہ غفلت ‘ ایک ملازم خدمات سے برطرف

حیدرآباد۔/23اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں مجرمانہ غفلت کا خمیازہ وقف بورڈ کے ایک ملازم کو بھگتنا پڑا اور اسے ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کیمپ کے آغاز سے ہی وقف بورڈ نے مینٹننس کے عملے کو ہدایت دی تھی کہ وہ دن رات چوکسی برقرار رکھیں تاکہ عازمین حج کو کوئی تکلیف نہ ہو لیکن اس عملے نے اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں غفلت سے کام لیا جس سے عازمین حج کو آج صبح دشواری پیش آئی۔ حج ہاوز کے ایک حصہ میں آج صبح 8 بجے اسوقت ہلکی سے بھگدڑ مچ گئی جب عازمین حج سے بھری ایک لفٹ اچانک بند ہوگئی۔ لفٹ کے باہر موجود عازمین حج چیخ پکار کرنے لگے اور کسی طرح والینٹرس نے لفٹ کا دروازہ کھول کر عازمین کو باہر نکالا۔ عمارت کے اس حصہ میں 70 سال سے زائد عمر کے عازمین کو قیام کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور لفٹ میں پھنسنے والے عازمین ضعیف تھے۔ اس واقعہ کے فوری بعد جب متعلقہ انچارج کو اطلاع دی گئی لیکن چند گھنٹوں تک لفٹ کی درستگی کا کام انجام نہیں دیا گیا جس سے عازمین کو ایک ہی لفٹ سے جانے میں کافی انتظار کرنا پڑرہا تھا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل حج ہاوز پہنچ گئے اور انہوں نے عازمین کو ہوئی تکلیف پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معلومات حاصل کی۔ جب یہ ثابت ہوگیا کہ مینٹننس کی ذمہ داری سنبھالنے والے سیکورٹی گارڈ نے فرائض سے غفلت کی ہے تو سکریٹری اقلیتی بہبود نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ملازمت سے برخواست کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ سے بھی اس بارے میں معلومات حاصل کی۔ سکریٹری کو بتایا گیا کہ نہ صرف صبح آٹھ بجے لفٹ میں خرابی پیدا ہوگئی بلکہ عازمین حج کیلئے پانی کی سربراہی بند تھی جس کے نتیجہ میں عازمین حج کو احرام باندھنے سے قبل غسل کرنے میں تاخیر ہوئی۔ ان دونوں واقعات کو پیش نظر رکھ کر سکریٹری اقلیتی بہبود جو وقف بورڈ کے عہدیدار مجاز بھی ہیں سیکورٹی گارڈ سید اظہر علی کی برطرفی کی ہدایت دی اور شام میں سی ای او نے احکامات جاری کردیئے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی گارڈ سے عمارت کے مینٹننس کا کام لیا جارہا تھا۔ اس سے قبل حال ہی میں سکریٹری اقلیتی بہبود کے عمارت کے معائنہ کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ مذکورہ سیکورٹی گارڈ نے 8 افراد کو غیر قانونی طریقہ سے حج ہاوز کی عمارت میں کمرے فراہم کئے ہیں جس میں وہ طویل عرصہ سے قیام پذیر تھے۔ عمر جلیل نے کہا کہ حج کیمپ کے دوران فرائض میں غفلت کے ذمہ دار کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائیگا۔