کلکتہ 23ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)حج کمیٹی آف انڈیا کے نائب صدر سلطان احمد نے اس سال حج کے موقع پر سعودی حکومت کے ذریعہ کیے گئے انتظامات کومثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودیہ نے حجاج کرام کیلئے ”سب سے بہترین اور سب سے وسیع انتظامات کیا تھا”۔بالخصوص سیکوڑٹی نظام،طبی سہولیات اور ٹریفک انتظامات کافی بہتر تھے اور یہ سعودی حکومت کے خدمت کے جذبے اور ان کی لگن کا عظیم مظہر ہے ۔سابق مرکزی وزیر و ممبر پارلیمنٹ سلطان احمد جو کل ہی حج بیت اللہ کی ادائیگی کے بعدہندوستان واپس پہنچے ہیں ،نے اس بات کو تسلیم کیا کہ اس سال ہندوستانی حجاج کرام کو مدینہ منورہ میں کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔حرم مدنی سے کافی دور ہوٹل کرایہ پر لیے گئے جس کی وجہ سے حجاج کرام کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا اس معاملے کی جانچ کرائے گی اوراس کے لئے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی جائے گی۔سلطان احمد نے کہا کہ حرم مکی کی توسیع ایک حد تک مکمل ہوچکی ہے اور مطاف کا مقا م بھی وسیع ہوچکا ہے اس لئے ہم اگلے حج سیزن کیلئے حکومت سعودیہ عربیہ سے مطالبہ کریں گے کہ ہندوستان کے کوٹے میں اضافہ کیا جائے ۔کیوں کہ ہرسال ہزاروں حج کے متمنی حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم ہوجاتے ہیں ۔خیال رہے کہ اس سال حج کمیٹی آف انڈیا کے زیر انتظام 100,000سے زاید حجاج کرام نے حج کی سعادت حاصل کی ہے جب کہ ہندوستان سے کم و بیش 135,000 افراد نے فریضہ حج کی ادائیگی کی ہے ۔