موجودہ و سابق عہدیداروں کے بیانات قلمبند، پولیس کا دورہ حج ہاؤز، دستاویزات کے نقول کا حصول
حیدرآباد۔/29مارچ، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی میں 2001ء میں پیش آئی مالیاتی بے قاعدگیوں کی تحقیقات میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔عابڈز پولیس نے اس معاملہ کی جانچ میں تیزی پیدا کرتے ہوئے حج کمیٹی سے وابستہ کئی موجودہ اور سابق عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے ان کے بیانات ریکارڈ کئے ہیں۔ پولیس کی ٹیم نے حج کمیٹی دفتر پہنچ کر تمام متعلقہ فائیلوں کا نہ صرف جائزہ لیا بلکہ ان کی زیراکس کاپیاں بھی حاصل کرلی۔کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال جو اس اسکام کی جانچ کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، انہوں نے متعلقہ پولیس عہدیداروں سے تحقیقات کی پیشرفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی ایم اے حمید نے 2001ء میں رکن اور کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے منیر الدین احمد مختار کے خلاف رقمی خردبرد سے متعلق شکایت درج کرائی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے سابق میں اسسٹنٹ سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے دو عہدیداروں کے بیانات قلمبند کئے اور انہیں آنے والے دنوں میں دوبارہ حاضر ہونے کی ہدایت دی۔ حج کمیٹی کے موجودہ دو ملازمین کے بیانات بھی ریکارڈ کئے گئے ہیں جو اس مقدمہ میں بطور گواہ موجود ہیں۔
حج کمیٹی نے مالیاتی خردبرد کے الزامات کے تحت چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کی رپورٹ پولیس کے حوالے کی جس میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی۔