مسلم گریجویٹس سے استفادہ کرنے پروفیسر ایس اے شکور کی اپیل
حیدرآباد 26 اپریل (پریس نوٹ) حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے مسلم گریجویٹس کے لئے ممبئی میں آئی اے ایس اور ملحقہ سرویسس کے لئے کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کے لئے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا ہے کہ اہل امیدواروں کو آن لائن درخواست دینی ہوگی۔ درخواست فارم حج کمیٹی کی ویب سائیٹ www.hajcommittee.com پر یکم مئی سے دستیاب رہیں گے۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 25 مئی ہے۔ امیدوار کی عمر یکم اگسٹ 2015 ء تک کم سے کم 20 سال اور زیادہ سے زیادہ 30 سال ہونی چاہئے۔ تاریخ پیدائش کے ثبوت کے طور پر میٹریکیولیشن یا ایس ایس سی کے ریکارڈ کو قبول کیا جائے گا۔ انٹرنس ٹسٹ ہفتہ 7 جون کو 2 بجے تا 5 بجے دن مقرر ہے۔ تحریری ٹسٹ میں منتخب ہونے والے امیدواروں کا پرسنل انٹرویو بھی ہوگا جو ہفتہ یکم اگسٹ کو اتوار 2 اگسٹ کو مقرر ہے۔ اس ٹسٹ اور انٹرویو میں جو امیدوار منتخب ہوجائیں گے۔ ان امیدواروں کے لئے یکم ستمبر سے حج ہاؤز ممبئی میں رہائش کی سہولت کے ساتھ کوچنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ یو پی ایس سی تحریری امتحان کے لئے ایک سال کی کوچنگ ہوگی۔ اس میں جو امیدوار منتخب ہوں گے ان کے لئے یو پی ایس سی، سی ایس مین کا چار مہینے کا کورس ہوگا۔ جس میں منتخب ہونے پر پرسنالٹی ٹسٹ کے لئے مزید چار مہینے کا قیام کرنا ہوگا۔ حیدرآباد میں یہ انٹرنس امتحان مغل نورسٹی (ویمنس) کالج بنڈلہ گوڑہ نزد چندرائن گٹہ چوراہا میں منعقد ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مسلم امیدواروں سے اس سہولت سے فائدہ اُٹھانے اور انٹرنس ٹسٹ میں شرکت کی خواہش کی ہے۔ تحریری ٹسٹ سے قبل کسی بھی قسم کی معلومات کے لئے مسٹر سید صادق علی قادری ڈائرکٹر آئی اے ایس کوچنگ سیل سے فون نمبر 022-2261-2969 یا ان کے موبائیل فون نمبر 09423708397 پر ربط کریں۔